اقوام متحدہ کا امن کے قیام اور امن کی پائیداری بارے اعلی سطحی اجلاس آئندہ ہفتے ہوگا

ہفتہ 21 اپریل 2018 15:46

نیویارک ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2018ء) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی امن کے قیام اور امن کی پائیداری کے بارے میں اعلی سطحی اجلاس آئندہ ہفتے منعقد کرے گی ۔

(جاری ہے)

اقوام متحدہ کی 193 رکنی جنرل اسمبلی کے صدر میروسلیوک نے بتایا کہ اجلاس کے دوران تنازعات کی روک تھام ، مذاکرات اور سفارتکاری پر توجہ مرکوز کرکے قیام امن میں تیزی لانے کے طریقوں پر غوروخوض کیا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ تنازعات کی روک تھام کر کے ہم انسانی زندگیاں اور اربوں ڈالر بچاسکتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اس لئے ہمیں تنازعات کے نتائج کا سامنا کرنے کی بجائے دنیا بھر میں تنازعات کے روک تھام پر بھر پور توجہ دینا ہو گی ، ہمیں ہر صورت میں امن قائم رکھنا ہوگا کیونکہ جب تک امن قائم نہ ہو اس وقت تک دنیا بھر میں انسانی حقوق کا تحفظ بھی نہیں ہو سکتا۔