سپریم کورٹ کا پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر کو معطل کرنے کا حکم

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 21 اپریل 2018 15:23

سپریم کورٹ کا پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر کو معطل کرنے کا حکم
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔21 اپریل۔2018ء) سپریم کورٹ نے پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر کو معطل کرنے کا حکم دیا ہے۔عدالت عظمیٰ نے سینئر ترین پروفیسر کو عبوری وائس چانسلر تعینات کرنے کا حکم بھی جاری کیا ہے۔چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار کا اپنے ریمارکس میں کہا کہ یونیورسٹی کی 80 کنال اراضی حکومت کو کس حیثیت میں دی گئی۔

سپریم کورٹ نے زمین فراہم کرنیوالے سنڈیکیٹ ارکان کو بھی طلب کرلیا۔چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ثابت ہو گیا کہ حکومت جائز و ناجائز مطالبات منوانے کیلئے مستقل وائس چانسلر تعینات نہیں کرتی۔

(جاری ہے)

انہوں نے استفسار کیا کہ ڈھائی برس سے مستقل وائس چانسلرتعینات کیوں نہیں کیاگیا، آگاہ کیا جائے کہ اس تاخیر کا ذمہ دار کون ہے۔چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ سنڈیکیٹ نے کس حیثیت سے یونیورسٹی کی اراضی حکومت کو دی،عدالت کے علم میں ہے کہ اورنج لائن منصوبے کیلئے اراضی فراہم کی گئی۔

خالد رانجھا نے استدعا کی کہ عدالت وائس چانسلر کی معطلی کے فیصلے پر نظر ثانی کرے۔چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ پہلے پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر استعفیٰ دیں پھر جائزہ لیں گے۔وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی نے کہا کہ میں استعفی دیتاہوں اورابھی عدالت میں پیش کرتاہوں۔