معروف اداکارہ کو اغوا کرنے کی کوشش ، اداکارہ نے ٹیکسی کمپنی کے خلاف آواز اُٹھا دی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 21 اپریل 2018 15:27

معروف اداکارہ کو اغوا کرنے کی کوشش ، اداکارہ نے ٹیکسی کمپنی کے خلاف ..
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 اپریل 2018ء) : آج کل کے دور میں کہیں بھی جانے کے لیے شہری نجی ٹیکسی کمپنیوں اوبر اور کریم کو ہی ترجیح دیتے ہیں ۔ لیکن حال ہی میں ایک ٹی وی اداکارہ و ماڈل نے نجی ٹیکسی کمپنی کےخلاف آواز اُٹھائی اور اپنے ساتھ ہونے والا واقعہ بھی بیان کردیا، سوشل میڈیا ویب سائٹ فیس بُک کر اداکارہ و ماڈل نازش جہانگیر خان نے کہا کہ میں نے کام پر جانے کے لیے ٹیکسی بُک کروائی، میں جیسے ہی گاڑی میں بیٹھی مشال خان نامی ڈرائیور نے مجھ سے کہاکہ '' چل کر تھوڑا آگے آ جاتی، ہم تم لوگوں کے نوکر نہیں ہیں''۔

ڈرائیور کے لہجے پر میں حیران ہوئی اور مجھے بے حد غصہ آیا ، مجھے دفتر سے دیر ہو رہی تھی لہٰذا میں نے ڈرائیور سے اتنا کہا کہ آپ کو کیا مسئلہ ہے؟ آپ گاڑی چلائیں۔

(جاری ہے)

میرا اتنا کہنا تھا کہ ڈرائیور نے اونچی آواز میں مجھ پر چلانا شروع کر دیا، اور گالیاں دینا شروع کر دیں۔ میں نے بھی گالی دے کر ڈرائیور کو سختی سے کہا کہ سی ویو پرگاڑی روکے۔ لیکن ڈرائیور نے مجھ سے کہا کہ میں گاڑی نہیں روکوں گا اور تمہیں اپنے بھائی کے پاس لے کر جاؤں گا۔

اتنا کہہ کر اس نے گاڑی کے دروازے لاک کر دئے ، میں نے شیشیہ نیچے کر کے چلانا شروع کر دیا۔ میرا ایک دوست سی ویو پر ہی رہتا تھا ،وہ بھی اپنے گھر سے باہر تھااور اس نے مجھے گاڑی میں دیکھ کر گاڑی روکنے کی کوشش کی لیکن ڈرائیور نے کسی طور گاڑی نہیں روکی۔ تھوڑا آگے جا کر ڈرائیورنے ایک فوڈ چین کے پاس گاڑی روکی اور خود گاڑی سے نکل کر فرار ہو گیا۔

نازش نے بتایا کہ میں نے 15 پر کال کر کے پولیس کو بھی بلوالیا لیکن وہ ڈرائیور تین گھنٹے گزر جانے کے باوجود واپس نہیں آیا۔ ایسا نہیں ہے کہ اس نے میرے ساتھ بدتمیزی کی لیکن اس نے مجھے نقصان پہنچانے کی بھی کوشش کی۔ اس نے مجھے دھمکانے کے ساتھ ساتھ اغوا کرنے کی کوشش بھی کی۔ نازش کی اس پوسٹ پر صارفین نے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اپنی اس پوسٹ میں نازش نے ڈرائیور کی تصویر بھی پوسٹ کی۔