ورلڈ الیون اور کالی آندھی کے درمیان چیریٹی میچ 31مئی کو انگلینڈ میں کھیلا جائیگا

شاہد آفریدی اور شعیب ملک ویسٹ انڈیز کے خلاف شیڈول ٹی ٹونٹی چیریٹی میچ میں آئی سی سی ورلڈ الیون کی نمائندگی کریں گے

ہفتہ 21 اپریل 2018 16:17

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اپریل2018ء) پاکستانی کرکٹرز شاہد خان آفریدی اور شعیب ملک آئندہ ماہ ویسٹ انڈیز کے خلاف شیڈول ٹی ٹونٹی چیریٹی ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں آئی سی سی ریسٹ آف ورلڈ الیون کی نمائندگی کریں گے۔

(جاری ہے)

ورلڈ الیون اور کالی آندھی کے درمیان چیریٹی میچ 31مئی کو لارڈز کے تاریخی گرائونڈ میں شیڈول ہے، انگلینڈ کے ایوان مورگن ورلڈ الیون کی قیادت کریں گے، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل، انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ اور میلبرن کرکٹ کمیٹی نے گزشتہ برس ویسٹ انڈیز میں سمندری طوفانوں سے تباہ ہونے والے پانچ سٹیڈیم کی تعمیر نو کیلئے فنڈز اکٹھا کرنے کی غرض سے چیریٹی میچ کے انعقاد کا فیصلہ کیا تھا۔

آئی سی سی نے ویسٹ انڈیز کے خلاف شیڈول میچ کیلئے فرسٹ گروپ آف پلیئرز کا اعلان کر دیا ہے جن میں شاہد آفریدی، شعیب ملک اور سری لنکا کے تھسارا پریرا شامل ہیں، بقیہ سکواڈ کا اعلان آئندہ ہفتوں میں کیا جائے گا، آفریدی نے مارچ 2016 میں آخری ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ کھیلا تھا اور اب وہ تھوڑی دیر کیلئے دوبارہ انٹرنیشنل کرکٹ میں کم بیک کریں گے۔۔