فواد ہماری نظر میں تھا ،مگر 25 لڑکوں میں سے صرف 16 لڑکوں کو ساتھ لیکر جانا مجبوری ہے‘ سرفراز احمد

ٹیم کی سلیکشن سب کی رائے اور مشاورت سے ہوئی جو آج نہیں کھیل رہا وہ پاکستان ٹیم کے لیے کل ضرور کھیلے گا ٹیم میں نئے لڑکے ہیں اور سب اچھا پرفارم کرنے کی کوشش کریں گے‘قومی ٹیم کے کپتان کی تربیتی کیمپ کے بعد میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 21 اپریل 2018 16:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2018ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے فواد عالم کو دورہ انگلینڈ اور آئرلینڈ کے لیے ٹیم میں شامل نہ کیے جانے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ فواد کو کیمپ کے لیے بلوایا گیا تھا لیکن 25 لڑکوں میں سے صرف 16 لڑکوں کو ساتھ لے کر جانا مجبوری ہے۔قذافی اسٹیڈیم میں تربیتی کیمپ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ 25کھلاڑیوں میں سے ٹیم بنانا تھی، مینجمنٹ کی ہمیشہ کوشش ہوتی ہے کہ اچھی ٹیم بنائیں، اسکواڈ کا انتخاب سب نے مشاورت سے کیا، فواد عالم کو کیمپ میں بلانے کا مقصد تھا کہ چیک کیا جائے، میرا بس چلتا تو تمام 25 کھلاڑیوں کو اپنے ساتھ انگلینڈ لے جاتا۔

لیکن ہمیں 16 لڑکے سلیکٹ کرنے پڑتے ہیں۔

(جاری ہے)

جب فواد کو بلایا تھا تو وہ ہماری نظر میں تھا، ہم نے سب لڑکوں کی پرفارمنس دیکھی اور پھر ان میں سے 16 کو میرٹ پر سلیکٹ کیا گیا۔جو آج نہیں کھیل رہا وہ پاکستان ٹیم کے لیے کل ضرور کھیلے گا۔سرفراز احمد نے کہا کہ سب نے مل ٹور کی ضرورت کے مطابق بہترین کمبی نیشن بنایا، ہمیشہ ایسا ہی ہوتا ہے کہ کچھ منتخب ہوجاتے ہیں اور دیگر نہیں ہوتے،ایسا نہیں کہ جو اب منتخب نہیں ہوا،آئندہ بھی نہیں ہوگا،نوجوان کھلاڑیوں کو تسلسل کیساتھ مواقع دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شاداب کے پاس لیگ اسپن اور گگلی ہے،اس لئے منتخب کیا،وہاں سردی بہت ہے یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ اسپنر کھلاتے بھی ہیں یا نہیں،حارث سہیل اور اسد شفیق بھی بطور اسپنر ٹیم کے کام آسکتے ہیں۔انگلینڈ میں قبل ازوقت جانے اور ٹور میچ کھیل کر کنڈیشنز سے بہتر انداز میں ہم آہنگ ہوسکتے ہیں، ناتجربہ کار ٹیم ہے مگر اس کو اعتماد دینے کی کوشش کررہے ہیں۔

سرفراز احمد نے دورے کی کامیابی کی امید ظاہر کرتے ہوئے مزید کہا کہ ٹیم میں نئے لڑکے ہیں اور سب اچھا پرفارم کرنے کی کوشش کریں گے۔یاد رہے کہ پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان واحد ٹیسٹ میچ 11سے 15 مئی تک ڈبلن میں کھیلا جائے گا جبکہ انگلینڈ کے خلاف دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز 24مئی سے ہوگا اور دوسرے ٹیسٹ کا آغاز یکم جون سے ہوگا۔گذشتہ دنوں چیف سلیکٹر انضمام الحق کی سربراہی میں کام کرنے والی 4 ارکان پر مشتمل سلیکشن کمیٹی نے دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کے لیے 16 رکنی ٹیم کا اعلان کیا تھا، تاہم فواد عالم فرسٹ کلاس کرکٹ میں رنز کے انبار لگانے اور فٹنس میں خود کو بہترین ثابت کرنے کے باوجود ٹیم میں منتخب نہیں ہوسکے تھے۔