متحدہ عرب امارات میں واٹس ایپ کے ذریعے منشیات کی فروخت کے الزام میں پاکستانی گرفتار

ہفتہ 21 اپریل 2018 16:30

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 اپریل2018ء) متحدہ عرب امارات میں واٹس ایپ کے ذریعے منشیات فروخت کرنے کے الزام میں پاکستانی شہری کو گرفتار کرلیا گیا۔خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق 41 سالہ پاکستانی ڈرائیور پر الزام ہے کہ وہ مبینہ طور پر واٹس ایپ کے ذریعے منشیات فروخت کیا کرتا تھا۔پراسیکیوٹر کے مطابق مذکورہ شخص، واٹس ایپ پیغامات کے ذریعے منشیات اور نارکوٹکس کی فروخت کے پیغامات بھیجا کرتا تھا، اس سے قبل اسے مراقبت کے علاقے میں 26 دسمبر 2017 کو بھی گرفتار کیا گیا تھا۔

دبئی پولیس کے اینٹی نارکوٹکس ڈویژن کے ایک لیفٹیننٹ کے مطابق 'ہمیں باوثوق ذرائع سے اطلاع ملی کہ یہ شخص الوحیدہ کے علاقے میں اپنے گھر میں منشیات فروخت کرتا ہے، ہم نے اس کے گھر پر چھاپہ مارا اور اس کی جیب سے 16 ہزار 950 درہم برآمد کرلیے، جن کے بارے میں ہمیں شبہ تھا کہ اس نے منشیات کی فروخت سے حاصل کیے تھے۔

(جاری ہے)

تاہم ملزم کا کہنا تھا کہ اسے یہ رقم اپنی کار کو فروخت کرنے سے حاصل ہوئی۔

مذکورہ پولیس افسر کے مطابق، 'ہمارے پاس اطلاعات تھیں کہ وہ منشیات کی فروخت کے لیے سوشل میڈیا جیسے کہ واٹس ایپ، فیس بک اور انسٹا گرام استعمال کرتا ہے، اس کا موبائل فون قبضے میں لیا گیا اور اس کا جائزہ لیا گیا، جس میں موجود میسجز اور آڈیو پیغامات میں ایسے بے شمار الفاظ پائے گئے تھے، جو منشیات کی فروخت کے لیے استعمال ہوتے تھے جبکہ ایک سفید پاڈر کی تصویر بھی ملی۔