(ن) کے دور اقتدار میں ہمیشہ سکھ یاتریوں کیلئے بہترین انتظامات یقینی بنائے گئے ہیں‘خلیل طاہر سندھو

دنیا بھر میں پہلا سکھ میرج ایکٹ کا پاس ہونا پنجاب حکومت کے لئے ایک منفرد اعزاز ہے‘صوبائی وزیرانسانی حقوق و اقلیتی امور

ہفتہ 21 اپریل 2018 16:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2018ء) صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور خلیل طاہر سندھو نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) کے دور اقتدار میں ہمیشہ دنیا بھر سے پاکستان بالخصوص پنجاب تشریف لانے والے سکھ یاتریوں کی مذہبی رسومات کی ادائیگی کیلئے بہترین سکیورٹی ،رہائشی سہولیات اور مذہبی مقامات تک رسائی کے انتظامات کو یقینی بنایا گیاہے،وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے 2019ء میں بابا گرو نانک کے جنم دن کی تقریبات میں 02لاکھ کے قریب سکھ یاتریوں کی آمد کے پیش نظر کمیٹی قائم کردی ہے جو مزید بہترین انتظامات یقینی بنائے گی۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے گزشتہ روز دیال سنگھ ریسرچ اینڈ کلچر اور متروکہ وقف املاک بورڈ کی مشترکہ کاوش سے بیساکھی 2018کی اختتامی تقریب کے انعقاد کے موقع پر کیا۔

(جاری ہے)

تقریب میں ایم پی اے رمیش سنگھ اروڑا، پاکستان سے سردارتارا سنگھ،سردار بیشن سنگھ،انڈیا سے سردار گروومیت سنگھ،سردار دلجیت سنگھ،سردار سانتا سنگھ ، سیکرٹری متروکہ املاک طارق وزیر اور سکھ برادری کی بڑی تعداد موجود تھی۔

تمام شرکا ء نے صوبائی وزیر خلیل طاہر سندھو کی وساطت سے پنجاب حکومت کی جانب سے دنیا بھر میں اپنی نوعیت کا پہلا سکھ میرج ایکٹ پاس کرانے پر وزیراعلیٰ پنجا ب شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا اور اپنے بیساکھی کی خوشیوں میں شریک ہونے کے حوالے سے دورے کو یادگار قرار دیتے ہوئے پنجاب حکومت کے بہترین انتظامات کو بے حد سراہا۔ایم پی اے رمیش سنگھ اروڑا نے اپنے خطاب میں کہا کہ بھارت میں یہ منفی پراپیگنڈا پھیلایا جاتا ہے کہ پاکستان میں امن نہیں ہے جبکہ حقیقت اس کے برعکس ہے کیونکہ ہر سال پاکستان آنیوالے سکھ یاتری ہمیشہ حسین یادیں لیکر اپنے وطن واپس جاتے ہیں اور پاکستان بھر کی عوام ان کو وہ پیار دیتی ہے کہ یاتری ہر سال واپس آنے کا بے صبری سے انتظار کرتے ہیں۔

سیکرٹری متروکہ وقف املاک بورڈ طارق وزیر نے تمام شرکاء کو بتایا کہ بیساکھی تقریبات میں شرکت کیلئے 1800سکھ یاتری 10روزہ دورے پر پاکستان بالخصوص پنجاب تشریف لائے اور کل صبح واپس اپنے وطن امن کا پیغام لیکر جا رہے ہیں۔انہوں نے ان کی خدمت پر معمور متروکہ وقف بوڑد ملازمین کو سکھ یاتریوں کے دورے کے دوران بہترین انتطامات اور اپنے فرائض منصبی بخوبی سر انجام دینے کی وجہ سے پیر اور منگل 02روز کی چھٹی کی خوشخبری بھی سنائی۔