چیف جسٹس پاکستان نے وزیراعلیٰ پنجاب کے سابق پرنسپل سیکرٹری توقیر شاہ کی بیرون ملک تعیناتی کا نوٹس لے لیا

ہفتہ 21 اپریل 2018 17:40

چیف جسٹس پاکستان نے وزیراعلیٰ پنجاب کے سابق پرنسپل سیکرٹری توقیر شاہ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اپریل2018ء) چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے وزیراعلیٰ پنجاب کے سابق پرنسپل سیکرٹری توقیر شاہ کی بیرون ملک تعیناتی کا نوٹس لے لیا۔ توقیر شاہ کو بیرون ملک تعیناتی نوٹیفکیشن سمیت طلب کر لیا ہے۔ سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیف جسٹس میاں ثاقب نثارنے وزیراعلیٰ پنجاب کے سابق سیکرٹری توقیرشاہ کی جنیوا میں تعیناتی کانوٹس لیا۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس نے خواجہ سلمان رفیق سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ نوٹس لینے پرآپ کا رنگ کیوں اڑ گیا ہے، عدالت نے سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ سے توقیر شاہ کی بطور رکن ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن تعیناتی کا ریکارڈ جمع کرانے کی ہدایت کر دی۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا ویسے جنیو ا ہے کہاں جس پر چیف سیکرٹری نے جواب دیا جنیوا سوئٹزرلینڈ میں ہے اور اچھا ملک ہے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے یہ وہی ملک ہے جہاں لوگ پیسہ اکٹھا کرتے ہیں، کیا توقیر شاہ اتنا جید افسر تھا کہ اسے بیرون ملک تعینات کر دیا گیا، اسے بلائیں اس نے وزیراعلیٰ کے ساتھ بہت موجیں لوٹی ہیں، اگر ضرورت محسوس ہوئی تو وزیراعلیٰ پنجاب کے پرنسپل سیکرٹری امداد اللہ بوسال کوبھی بلایا جائے گا۔