بیساکھی میلے میں شرکت کے لئے بھارت سے آئے 1796 سکھ یاتری خصوصی ٹرینوں کے ذریعے اپنے وطن واپس روانہ ہوگئے

ہفتہ 21 اپریل 2018 17:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اپریل2018ء) بیساکھی میلے میں شرکت کے لئے بھارت سے آئے 1796 سکھ یاتری خصوصی ٹرینوں کے ذریعے اپنے وطن واپس روانہ ہوگئے، پاکستانیوں کی مہمان نوازی کو خوب سراہا۔ پاکستانیوں کے پیار اور مہمان نوازی کے گن گاتے سکھ یاتری تین سپیشل ٹرینوں کے ذریعے اپنے وطن روانہ ہوئے۔ ایک ہزار سات سو چھیانوے سکھ یاتریوں کو سخت سیکیورٹی میں درجنوں بسوں کے ذریعے ریلوے سٹیشن لایا گیا۔

جہاں سے وہ تین سپیشل ٹرینوں کے ذریعے واہگہ کے راستے انڈیا روانہ ہو گئے۔ سیکرٹری متروکہ وقف املاک بورڈ طارق وزیر خان نے سکھ یاتریوں کو تحائف دے کر رخصت کیا۔ سکھ یاتریوں نے اپنے دورہ پاکستان کے دوران ننکانہ صاحب میں بیساکھی میلے کی تقریبات میں شرکت کی اور اپنی مذہبی رسومات ادا کیں۔

(جاری ہے)

سکھ یاتری مردوخواتین کا کہنا تھا کہ ہمارے لئے حکومت پاکستان کی جانب سے کیے گئے سکیورٹی انتظامات قابل تعریف ہیں اور ہم نے پاکستان میں خود کو بھارت سے زیادہ محفوظ پایا جبکہ پاکستانی عوام کا پیار اور مہمان نوازی ناقابل بیان ہے۔

سیکرٹری متروکہ وقف بورڈ املاک طارق وزیر خان نے کہا کہ سکھ یاتریوں کے لئے رہائش کھانے پینے سمیت دیگر انتظامات کا پورہ خیال رکھا گیا ہے۔ سکھ یاتری نے دونوں حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ ویزوں میں نرمی کی جائے تاکہ سرحد کے دونوں اطراف رہنے والے لوگ ایک دوسرے سے میل جول بڑھا سکیں۔

متعلقہ عنوان :