نریندرمودی کے دورہ برطانیہ کے موقع پر تارکین وطن کشمیریوں نے بھارتی چہرہ بے نقاب کیا، ملک محمد نوا ز خان

ہفتہ 21 اپریل 2018 17:52

کوٹلی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2018ء) قانون ساز اسمبلی کے رکن اور آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے مرکزی رہنما ملک محمد نوا ز خان نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندرمودی کے دورہ برطانیہ کے موقع پر کشمیری کمیونٹی نے جس باہمی اتفاق و اتحادسے احتجاج ریکارڈ کروایا وہ لائق تحسین ہے ۔ تارکین وطن نے کشمیریوں کی نمائندگی کرتے ہوئے بھارتی مظالم کو بے نقاب کیا ۔

مقبوضہ کشمیر اور لائن آف کنٹرول پر بھارتی مظالم میں شدت آچکی ہے۔ دو طرفہ کشمیری قیادت اور تارکین وطن کشمیر کی آزادی کے لئے مشترکہ ایجنڈہ تشکیل دیں ۔ ان خیالات کا اظہار انھوںنے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ملک محمد نواز خان نے کہا کہ نریندر مودی کے دورہ برطانیہ کے موقع پر کشمیری تارکین وطن نے اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کیا، تمام جماعتوں کے کارکنان نے بھرپور احتجاج کیا ۔

(جاری ہے)

عالمی میڈیا نے اس احتجاج کو کوریج دی ۔انھوںنے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے اندر اور لائن آف کنٹرول پر جارحیت میں اضافہ کر دیا ہے ۔ آئے روز مقبوضہ کشمیر کے اندر بھارتی فوج کی جانب سے نہتے شہریوں پر حملوں اور شہادتوں کی اطلاعات موصول ہوتی ہیں ۔ لائن آف کنٹرول پر روزانہ کی بنیاد پر سول آباد ی پر مارٹر شیلنگ اور سنائیپرزکے ذریعے عام شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ معمول بن چکا ہے ۔ تارکین وطن نے احتجاج کے ذریعے بھارتی مظالم کو بے نقاب کیا ہے ۔ملک محمد نواز خان نے کہا کہ یہ صورتحال تقاضا کرتی ہے کہ کشمیر کی آزادی کی جدو جہد کو تیز تر کیا جائے ۔