پارٹی موقع پرستوں کی کوئی جگہ نہیں ہے،پیپلزپارٹی بلوچستان

جنہیں نظریے سے زیادہ اپنا الیکشن عزیز تھا وہ چلے گئے ، رہنمائوں کاخطاب

ہفتہ اپریل 17:52

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 اپریل2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی میں موقع پرستوں کی کوئی جگہ نہیں ہے جنہیں پیپلز پارٹی کے نظریے سے زیادہ اپنا الیکشن عزیز تھا وہ چلے گئے لیکن انہیں وہ عزت کہیں سے بھی نہیں ملے گی جو پیپلزپارٹی انکو دیتی رہی انشاء اللہ آنے والے الیکشن میں پیپلزپارٹی ملک بھر سے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریگی ،قوم پرستی اور مذہب پرستی کے نام پر ووٹ لینے والوں نے بلوچستان کو کھنڈرات میں تبدیل کردیا پیپلزپارٹی برسراقتدارآکر عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پراقدامات اٹھائے گی۔

یہ بات پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدر حاجی علی مدد جتک ،سیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی ، صوبائی کونسل کے ممبر لالہ یوسف خان خلجی ،صوبائی کونسل کے ممبر شریف خان خلجی، ماسٹر خلجی، حاجی داود خلجی،آیاز زرداری و دیگرنے پشتون باغ کوئٹہ میں شمولیتی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر سینکڑوں افراد نے مختلف قوم پرست اور مذہبی جماعتوں سے مستعفی ہوکر پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ملک میں جمہوریت ، قانون کی بالادستی اور آئین کی حکمرانی کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے دیئے لیکن کبھی بھی اصولوں پر سودے بازی نہیں کی آج ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگانے والے جب اقتدار میں تھے تو انہوں نے عوام اورانکے ووٹوں کو کوئی عزت نہیں دی اب جبکہ الیکشن قریب آرہے ہیں تو مسلم لیگ(ن) کے قائدین عوام کو بے وقوف بنانے کیلئے ’’عوام کے ووٹ کو عزت دو‘‘ کا نعرہ لگارہے ہیں لیکن اب عوام ان کے بہکاوے میں نہیں آئیں شریف خاندان کی کرپشن عوام کے سامنے بے نقاب ہوچکی ہے اور انشاء اللہ جلد ہی شریف خاندان جیل میں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اپنے دوراقتدار میںسرحد کو خیبر پختونخواکا نام دیا چھوٹے صوبوں کو این ایف سی ایوارڈ کے تحت خطیر فنڈز کی فراہمی کو یقینی بنایا جبکہ صوبوں کو صوبائی خودمختاری دی لیکن موجودہ حکمران صوبائی خودمختاری کو ختم کرنے کی سازشوں میں مصروف ہیں جنہیں پیپلز پارٹی عوام کیساتھ ملکر ناکام بنادے گی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اوردیگر مرکزی قائدین 4اپریل کو کوئٹہ میں پیپلز پارٹی بلوچستان کے زیراہتمام منعقد ہونے والے جلسے سے خطاب کرینگے پارٹی کے قائدین کا کوئٹہ پہنچنے پر والہانہ استقبال کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ قوم پرست اور مذہب پرست جماعتوں سے عوام مایوس ہوکر پیپلز پارٹی میں شامل ہورہے ہیں قوم پرست اورمذہب پرست جماعتوں نے عوام کو کھوکھلے نعروں اور وعدوں کے سوا کچھ نہیں دیا قوم پرستوں نے صوبے کو کھنڈرات میں تبدیل کردیا ہے اور صوبے کے عوام گونا گوں مسائل سے دوچار ہیں ا نشاء اللہ پیپلزپارٹی برسراقتدار آکر عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے گی انہوں نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کرنے والوں کو مبارکبا ددیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نئے شامل ہونے والے ساتھی پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے پیغام کو گھر گھر پہنچائیں گے۔