عوام کے تعاون سے ملک کو کرپشن اور بدعنوانی کے داغ سے پاک قیادت فراہم کریں گے، مظفر سید

ہفتہ 21 اپریل 2018 18:16

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2018ء) خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ مظفر سید ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ اگر عوام نے ساتھ دیا تو اس ملک کے لئے ایسا دیانتدار اور ایماندار قیادت فراہم کریں گے جن کا دامن ہر قسم کے کرپشن اور بدعنوانی کے داغ سے پاک ہو گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتے کے روز یونین کونسل سخاکوٹ موسیٰ بابا جہانگیر آباد میں ممتاز شخصیت خیال محمد کی خاندان اور ساتھیوں سمیت جماعت اسلامی میں شمولیت کے موقع پر ایک بڑے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

جلسے سے ملاکنڈ کے ضلعی آمیر جماعت اسلامی و نامزد امیدوار صوبائی اسمبلی مولانا جمال الدین ، خیال محمد ، تحصیل آمیر مولانا محمد طیب ، جاسم علی ایڈوکیٹ اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ جلسے سے خطاب کے دوران صوبائی وزیر نے کہا کہ جماعت اسلامی نے صوبائی حکومت کا حصہ ہوتے ہوئے متعدد قوانین کے ذریعے اسلامی اقدار کے فروغ کے لئے کوشش کی ہے اور اس سلسلے میں نجی سود پر پابندی ، تعلیمی نظام میں قرآن کی تعلیم کو لازمی قرار دینے سمیت بیشتر قوانین بنائے گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہو ںنے کہا کہ آنے والے انتخابات میں عوام سنجیدہ فیصلہ کریں گے اور انشاء الله جماعت اسلامی زیادہ سیٹوں کے ساتھ پارلیمنٹ جائے گی ۔ انہو ںنے عوام پر زور دیا کہ وہ اپنے مسائل کے پائیدار حل لئے جماعت اسلامی کے دست و بازو بنیں اور جماعت اسلامی کا ساتھ دیں کیونکہ ملک کے موجودہ حالات میں واحد جماعت اسلامی ہی غریب عوام کے دکھ درد کو سمجھتی ہے اور ان کے لئے آواز اٹھا رہی ہے ۔ انہو ںنے جلسے کے دوران پارٹی میں نئے شامل ہونے والوں کا خیر مقدم کیا اور انہیں یقین دلایا کہ پارٹی میں ان کو عزت و تکریم کا مقام دیا جائے گا ۔