پولیٹیکل انتظامیہ ایف آر کوہاٹ کاقوم بوستی خیل درہ آدم خیل میں کھلی کچہری کا انعقاد

ہفتہ اپریل 18:20

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 اپریل2018ء) اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ ایف آر کوہاٹ ضیاء الرحمن خٹک نے ڈپٹی کمشنر کوہاٹ /پولیٹیکل ایجنٹ ایف آر کوہاٹ خالد الیا س کی ہدایت پرقوم بوستی خیل درہ آدم خیل میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا جس میں سرکاری محکموں کے متعلقہ حکام کے علاوہ عمائدین علاقہ، ملکان اور عام لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

اے پی اے نے لوگوں کے مسائل غور سے سنے اور انہیں مطمئن کرنے کے لئے متعلقہ حکام نے موقع پر جوابات دئیے۔عوام کے زیادہ تر مسائل کا تعلق پینے کے پانی اور بجلی سے تھاجو تقریباًناپید ہیں۔انہیں بتایا گیا کہ 48گھنٹے بعد بجلی کی باری آتی ہے لیکن 48گھنٹے بعد بھی مشکل سے 2گھنٹوں کے لئے اور وہ بھی وقفوں میں جس کی وجہ سے پینے کے پانی کے مسئلے نے سنگین صورتحال اختیا رکی ہے۔

(جاری ہے)

ضیاء الرحمن نے پانی اور بجلی کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کی بڑی وجہ عدم ادائیگی ہے اور اس مسئلے کے مستقل حل کے لئے پولیٹیکل انتظامیہ پیسکو حکا م کے ساتھ رابطے میںہے اور ہماری کوشش ہے کہ فلیٹ ریٹ مقرر کریں کیونکہ ادائیگی کے بغیر بجلی کی فراہمی ممکن نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پینے کے پانی کامسئلہ حل کرانے کے لئے پولیٹیکل ایجنٹ خالد الیاس نے پبلک ہیلتھ کے متعلقہ حکام کا اعلیٰ سطح کا اجلاس طلب کیاہے جس میں اس مسئلے کا قابل عمل حل نکالا جائے گا۔

اے پی اے معمولی نوعیت کے مسائل موقع پر حل کرنے کے احکامات جاری کئے۔مقامی لوگوں نے ان کے مسائل کے حل کے لئے کھلی کچہر ی کے انعقاد پر پولیٹیکل انتظامیہ کا شکریہ اداکیا۔

متعلقہ عنوان :