دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کے لئے قومی کرکٹ ٹیم کا انتخاب میرٹ پر کیا گیا ، ٹیم اچھی پرفارمنس کا مظاہرہ کرے گی،سرفراز احمد

ہفتہ 21 اپریل 2018 18:33

دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کے لئے قومی کرکٹ ٹیم کا انتخاب میرٹ پر کیا ..
لاہور۔21 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2018ء) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ دورہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کے لئے قومی کرکٹ ٹیم کا انتخاب میرٹ پر کیا گیا ہے ، امید ہے کہ ٹیم سیریز کے دوران اچھی پرفارمنس کا مظاہرہ کرے گی ،قذافی سٹیڈیم لاہور میں قومی کرکٹ ٹیم کے تربیتی کیمپ کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ مینجمنٹ کی ہمیشہ کوشش ہوتی ہے کہ اچھی ٹیم بنائیں، فواد عالم کو کیمپ میں بلانے کا مقصد تھا کہ اسے چیک کیا جائے،اسے اب چانس نہیں ملا تو اگلی سیریز میں مل سکتا ہے ، میرا بس چلتا تو تمام 25 کھلاڑیوں کو اپنے ساتھ انگلینڈ لے جاتا،سرفراز احمد نے کہا کہ سب نے مشاورت سے ٹیم کی ضرورت کے مطابق بہترین کمبی نیشن بنایا، ہمیشہ ایسا ہی ہوتا ہے کہ کچھ منتخب ہوجاتے ہیں اور دیگر نہیں ہوتے،ایسا نہیں کہ جو اب منتخب نہیں ہوا،آئندہ بھی نہیں ہوگا،نوجوان کھلاڑیوں کو تسلسل کیساتھ مواقع دے رہے ہیں،ان کا کہنا تھا کہ شاداب کے پاس لیگ اسپن اور گگلی ہے،اس لئے ان کا منتخب کیا،وہاں سردی بہت ہے یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ اسپنر کھلاتے بھی ہیں یا نہیں،حارث سہیل اور اسد شفیق بھی بطور اسپنر ٹیم کے کام آسکتے ہیں،اگر یاسر شاہ فٹ ہوتا تو اسے لازمی ساتھ لے جاتے ،وہ ہمارا کلیدی بائولر تھا جس نے ماضی میں بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کیا،انگلینڈ میں قبل ازوقت جانے اور ٹور میچ کھیل کر کنڈیشنز سے بہتر انداز میں ہم آہنگ ہوسکتے ہیں، ناتجربہ کار ٹیم ہے مگر اس کو اعتماد دینے کی کوشش کررہے ہیں،انہوں نے کہاکہ انگلینڈ کی کنڈیشنز مشکل ہوتی ہیں اور ہمارے ساتھ کئی سینئر کھلاڑی بھی شامل نہیں ہیں لیکن امید ہے کہ نوجوان کھلاڑی وہاں کی کنڈیشز سے ہم آہنگ ہوجائیں گے اور اچھی پرفارمنس کا مظاہرہ کریں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ہماری کوشش ہوگی کہ اگر ہماری بیٹنگ پہلے آجائے تو ہم زیادہ سے زیادہ سکور کرکے مخالف ٹیم کو اپنی بائولنگ سے جلد آئوٹ کریں ۔سرفراز احمد نے کہا کہ وہ تمام ٹیم کو واہگہ بارڈر پر لے جارہے ہیں جس سے کھلاڑیوںکا دورہ سے قبل جذبہ بلند ہوگا ۔ آئرلینڈ کی ٹیم اپنی ہوم کنڈیشز پر اچھا پرفارم کرتی ہے اس سے اچھا مقابلہ ہوگا ۔

متعلقہ عنوان :