تشہیری سائن بورڈز کے حوالہ سے ضابطہ اخلاق طے کرنے کافیصلہ‘فحش سائن بورڈز نصب کرنے کی رپورٹ طلب

ڈپٹی کمشنر مسعودالرحمان نے سماجی شخصیت محمد حسنین کی تحریری شکائت پر چیف آفیسربلدیہ عظمیٰ کورپورٹ پیش کرنے‘کارروائی کیلئے تحریک کرنے کی ہدائت کردی عوامی حلقوں کا ڈپٹی کمشنر کے نوٹس لینے کے اقدام پر خراج تحسین‘دارالحکومت میں اسلامی اور معاشرتی قدروں کی دھجیاں بکھیرکرنوجوان نسل کو گمراہ کرنے کے گھنائونے اقدام کی بیخ کنی کرنے کامطالبہ

ہفتہ اپریل 19:29

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 اپریل2018ء) ضلعی انتظامیہ نے شہرمیں نصب تشہیری سائن بورڈز کے حوالہ سے ضابطہ اخلاق طے کرنے اور فحش سائن بورڈز نصب کرنے والی کمپنیوں کے خلاف کارروائی کیلئے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ڈپٹی کمشنر مسعودالرحمان کی جانب سے ایک سماجی شخصیت محمد حسنین کی تحریری شکائت پر چیف آفیسربلدیہ عظمیٰ کو مکتوب ارسال کیا گیاہے جس میں میونسپل کارپوریشن سے متعلقہ معاملہ کی پوری رپورٹ پیش کرنے کی ہدائت کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

مکتوب میں کہاگیا ہے کہ سماجی شخصیت محمد حسنین کی جانب سے توجہ دلائی گئی ہے کہ شہرمیں مختلف ملٹی نیشنل کمپنیوں نے اپنے کاروبار کی تشہیر کے لئے فحش تصاویرکے سائن بورڈز لگارکھے ہیں،جس سے معاشرے میں بے راہ روی پھیل رہی ہے جو کسی بھی طرح ہماری دینی تعلیمات اور اخلاقی اقدار کے منافی ہے، عوامی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر کی جانب سے نوٹس لینے کے اقدام کو بھی سرہاہے اور مطالبہ کیاہے کہ وہ دارالحکومت میں اسلامی اور معاشرتی قدروں کی دھجیاں بکھیرکرنوجوان نسل کو گمراہ کرنے کے گھنائونے اقدام کی بیخ کنی کریں ۔

متعلقہ عنوان :