ترکی میں عظیم شاعر علامہ محمد اقبال کی 80 برسی کے موقع پر تقریب کا اہتمام

مفکر پاکستان علامہ محمد اقبال اور ترکی کے قومی ترانے کے خالق مہمت عکاف ایر سوئے کے عم عصر ہونے اور دونوں ہی عالم اسلام کے اتحاد پر زور دینے والے عظیم شاعر ہیں،پاکستانی سفیر محمد سائیرس سجاد قاضی کاخطاب

ہفتہ 21 اپریل 2018 19:29

ترکی میں  عظیم شاعر علامہ محمد اقبال کی 80 برسی کے موقع پر  تقریب کا اہتمام
انقرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 اپریل2018ء) ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں مفکرِ پاکستان اور عظیم شاعر علامہ محمد اقبال کی 80 برسی کے موقع پر تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔ اس تقریب کا اہتمام ترکی کے قدیم جریدے " سبیل الرشاد " اور مہمت عاکف ایرسوئے تھنک ٹینک نے انقرہ میں ملی کتب خانے میں کیا گیا۔اس موقع پر مہمانوں کا استقبال " سبیل الرشاد جریدے کے چیف ایڈیٹر فاتح بائے حان نے کیا ۔

انہوں نے اس موقع پر کہا کہ سبیل الرشاد جریدے کا پہلی بار اجرا 1908 میں ترکی کے قومی ترانے کے خالق مہمت عاکف ایرسوئے کی جانب سے کیا گیا تھا ۔انہوں نے کہا کہ ترکوں کے دلوں میں پاکستان کے قومی شاعر علامہ محمد اقبال کے لیے بڑی عزت و احترام پایا جاتا ہے اور اس جریدے نے عالم ِ اسلام کے اس عظیم مفکر کی 80 برسی کے موقع پر خصوصی اشاعت کا اہتمام کیا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سفیر پاکستان محمد سائیرس سجاد قاضی نے کلیدی خطاب کرتے ہوئے علامہ محمد اقبال اور ترکی کے قومی ترنے کے خالق مہمت عاکف ایرسوئے کے درمیان موجود مراسم پر روشنی ڈالی ۔ انہوں نے کہا کہ مفکر پاکستان علامہ محمد اقبال اور ترکی کے قومی ترانے کے خالق مہمت عکاف ایر سوئے کے عم عصر ہونے اور دونوں ہی عالم اسلام کے اتحاد پر زور دینے والے عظیم شاعر ہیں۔ بعد میں ترکی کے مشہور شاعر جواد آق قانات نے پینل کی میزبانی کی۔ اس پینل میں پروفیسر ڈاکٹر بلال سامبور، جناب علی متین اور جناب ابراہیم ایر ییت نے علامہ محمد اقبال کے بارے میں اپنا اپنا نکتہ نظر پیش کیا۔