عطائیوں کے خلاف کریک ڈائون میں تیزی لائی جائے، کمشنر

ہفتہ 21 اپریل 2018 19:36

ملتان۔21 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2018ء) کمشنر ملتان ڈویژن بلال احمد بٹ نے کہا ہے کہ ڈویژن بھر میں عطائیوں کے خلاف کریک ڈائون میں تیزی لائی جائے، اس سلسلے میں اشتہارات اور وال چاکنگ کرنے والے افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔ عطائی دراصل لوگوں کی جان و مال کے دشمن ہیں ان کی سرکوبی کرنا اور اس سلسلے کو جاری رکھنا بے حد ضروری ہے۔

سیل کئے جانے والے کلینکس اور جرمانے کئے جانے والے عطائیوں کو مسلسل مانیٹر کرنے کے لئے ڈویژن اور ڈسٹرکٹ کی سطح پر کمیٹی قائم کی جائے جو کہ مہینے میں ایک بار ملنے کی پابند ہوگی تاکہ عطائیت جیسے جرم کو مکمل طور پر معاشرے سے ختم کیا جاسکے۔ ان خیالات کا اظہار کمشنر ملتان بلال احمد بٹ نے ڈویژن بھر میں عطائیوں کے خلاف جاری کارروائیوں بارے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

کمشنر ملتان بلال احمد بٹ نے کہا کہ ہیلتھ کئیرکمیشن کے اعدادو شمار کے مطابق ملتان ڈویژن میں 9744عطائی موجود ہیں جن میں ملتان میں 2751، خانیوال میں 1893، وہاڑی میں 3683اور لودھراں میں1417موجود ہیں۔ ان کے خلاف کارروائیوں میں تیزی لاتے ہوئے تمام ڈپٹی کمشنرز اس مہم کو ازخود مانیٹر کریں اور رپورٹ بھی پیش کریں۔ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو شامل کر کے بھرپور مہم چلائی جائے اور لوگوں میں عطائیت بارے شعور اجاگر کیا جائے۔

تمام ڈپٹی کمشنرز اپنے اضلاع میں عملے کی ٹریننگ کے لئے ورکشاپس کا بھی انعقاد کریں تاکہ اس کریک ڈائون کو موثر اور کامیاب بنایا جاسکے۔چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر شاہد بخاری نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق عطائیوں کے خلاف کارروائی ہیلتھ کئیرکمیشن ایکٹ کے تحت کی جائے گی۔ جس میں زیادہ سے زیادہ جرمانہ 50ہزار روپے ہے۔ کمیشن کی جانب سے سیل کئے گئے کلینکس کو سپریم کورٹ کے علاوہ دیگر عدالتیں کھولنے کی مجاز نہ ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ عطائیوں کے خلاف کارروائیوں میں تیزی لائی جارہی ہے۔ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے بھرپور تعاون سے اس جرم کے خاتمے میں مدد مل رہی ہے۔