عوام اپنے مسائل کے پائیدار حل کیلئے جماعت اسلامی کے دست و بازو بنیں ،مظفرسید

ہفتہ 21 اپریل 2018 20:18

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2018ء) مظفر سید ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ عوام اپنے مسائل کے پائیدار حل کیلئے جماعت اسلامی کے دست و بازو بنیں اور ان کا ساتھ دیں کیونکہ ملک کے موجودہ حالات میں واحد جماعت اسلامی ہی غریب عوام کے دکھ درد کو سمجھتی ہے اور ان کے لئے آواز اٹھا رہی ہے، اگر عوام نے ساتھ دیا تو اس ملک کے لئے ایسا دیانتدار اور ایماندار قیادت فراہم کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتے کے روز یونین کونسل سخاکوٹ موسیٰ بابا جہانگیر آباد میں ممتاز شخصیت خیال محمد کی خاندان اور ساتھیوں سمیت جماعت اسلامی میں شمولیت کے موقع پر ایک بڑے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔جلسے سے ملاکنڈ کے ضلعی آمیر جماعت اسلامی و نامزد امیدوار صوبائی اسمبلی مولانا جمال الدین ، خیال محمد ، تحصیل آمیر مولانا محمد طیب ، جاسم علی ایڈوکیٹ اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

جلسے سے خطاب کے دوران صوبائی وزیر نے کہا کہ جماعت اسلامی نے صوبائی حکومت کا حصہ ہوتے ہوئے متعدد قوانین کے ذریعے اسلامی اقدار کے فروغ کے لئے کوشش کی ہے اور اس سلسلے میں نجی سود پر پابندی ، تعلیمی نظام میں قرآن کی تعلیم کو لازمی قرار دینے سمیت بیشتر قوانین بنائے گئے ہیں ۔ انہو ںنے کہا کہ آنے والے انتخابات میں عوام سنجیدہ فیصلہ کریں گے اور انشاء الله جماعت اسلامی زیادہ سیٹوں کے ساتھ پارلیمنٹ جائے گی ۔ انہو ںنے عوام پر زور دیا کہ انہو ںنے جلسے کے دوران پارٹی میں نئے شامل ہونے والوں کا خیر مقدم کیا اور انہیں یقین دلایا کہ پارٹی میں ان کو عزت و تکریم کا مقام دیا جائے گا ۔