پاک جرمن ووڈ ورکنگ سنٹر کے ملازمین کا چارٹر آف ڈیمانڈ پر عملدرآمدنہ کروانے پر احتجاجی کیمپ

ہفتہ اپریل 20:22

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 اپریل2018ء) پاک جرمن ووڈ ورکنگ سنٹر کے ملازمین کا چارٹر آف ڈیمانڈ پر عملدرآمدنہ کروانے پرایس آئی ڈی بی دفتر میں احتجاج جاری ہے اورگزشتہ روز بھی اس سلسلے میں احتجاجی کیمپ لگایا ۔کیمپ کی قیادت پاک جرمن ووڈ ورکنگ سنٹر ایمپلائز یونین کے صدر مرتضیٰ خان ‘ جنرل سیکرٹری محمدشاہدنے کی ۔ جبکہ رکن خیبر پختونخوا اسمبلی فضل الٰہی نے بھی احتجاجی کیمپ کا دورہ کیا ۔

(جاری ہے)

مقررین نے کہاکہ ایک ہی ادارے میں دوطرح قوانین ناانصافی ہے اورگزشتہ سولہ سالوں سے پاک جرمن ووڈ ورکنگ سنٹر کے سوسے زائدملازمین کو مستقل نہیں کیا جارہاحالانکہ اسی ادارے میں 22 من پسند ملازمین کو ریگولربی پی ایس سکیل میں رکھا گیا ہے ،ایس آئی ڈی بی سروس رولز2005 ء ووڈ کیڈر کو نکالا گیا ، اسکو بحال کیا جائے جس پر پہلے ہی سے من پسند افراد کو ریگولر رکھا گیا ہے۔

یونین کے نمائندوں نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا‘ چیف سیکرٹری اور سیکرٹری انڈسٹری سے مطالبہ کیا کہ مذکورہ سنٹر کے فکس پے ملازمین کودیگر ملازمین کی طرح ریگولر کیاجائے ۔ایم پی اے فضل الٰہی نے مظاہرین کو یقین دہانی کرائی ملازمین کو انصاف فراہم کرنے کیلئے تمام ممکن اقدامات اٹھائینگے اور ان کا جائز مسئلہ حل کرینگے۔