حافظ آباد، نامعلوم مسلح ملزمان کی فائرنگ سے شہیدہونیوالا پولیس کانسٹیبل عمر عثمان سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک

ہفتہ 21 اپریل 2018 20:22

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2018ء) نامعلوم مسلح ملزمان کی فائرنگ سے شہیدہونے والے پولیس کانسٹیبل عمر عثمان کو سرکاری اعزاز کے ساتھ آبائی گائوں بیری والا میں سپرد خاک کر دیا گیا، اس سے قبل شہید کی نماز جنازہ عارف شہید پولیس لائنز حافظ آباد میں ادا کی گئی اور پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔عمر عثمان گزشتہ شب ناکہ توڑ کر بھاگنے والے موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ سے شہید ہو گیا تھا۔

نماز جنازہ میں آرپی او گوجرانوالہ ، ڈی پی او حافظ آباد، پولیس کے اعلی افسران اور جوانوں ، وکلاء، میڈیا کے نمائندوں، سول سوسائٹی، تاجربرادری سمیت ہر مکتبہ فکرکے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب تھانہ صدر حافظ آباد پولیس کے جوان ہیڈ ساگر کے قریب معمول کی گشت کے دوران ناکہ بندی کیے ہوئے تھے کہ دھنوئوے ڈوگراں کی جانب سے آنے والے موٹرسائیکل سواروں کو مشکوک جانتے ہوئے رکنے کا اشارہ کیالیکن ملزمان ناکہ توڑ کر فرار ہو گئے۔

(جاری ہے)

تعاقب کرنے پر ملزمان نے فائرنگ کی جس سے کانسٹیبل عمر عثمان زخمی ہوگیاجبکہ ملزمان رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے۔عمر عثمان کو علاج معالجہ کیلئے ٹراما سنٹر حافظ آباد منتقل کیا گیاجہاں حالت تشویشناک ہونے پر جناح ہسپتال لاہور ریفر کر دیا گیاجہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اپنے خالق حقیقی سے جا ملا۔شہید کی نماز جنازہ عارف شہید پولیس لائنز حافظ آباد میں ادا کی گئی ۔

نماز جنازہ کے بعد پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید عمر عثمان کوسلامی بھی پیش کی۔اس کے بعد شہید عمر عثمان کو آبائی گائوں بیری والا میں سرکاری اعزاز کے ساتھ سپردخاک کیا گیا۔ شہید کے سوگو اران میں بوڑھے والدین سمیت بیوہ اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔نمازہ جنازہ کے موقع پرآر پی او گوجرانوالہ راجہ رفعت مختارنے کہا کہ فرض کی ادائیگی کیلئے جانوں کا نظرانہ پیش کرنے والے عمر عثمان جیسے بہادر سپوت ملک و قوم کے ہیرو ہیں،ان جیسے شہدا کی قربانیاں کبھی بھی رائیگاں نہیں جاتیںاور نہ ہی کبھی ان قربانیوں کو فراموش کیا جا سکتا ہے۔

ڈی پی او حافظ آباد ڈاکٹر سردار غیاث گل کا کہنا تھا کہ شہید عمر عثمان کے ملزمان کوجلد گرفتار کر کے کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا۔اس موقع پر آرپی گوجرانوالہ اور ڈی پی او حافظ آباد نے شہریوں کی جانب سے نماز جنازہ میں کثیر تعداد میں شرکت پر ان کاشکریہ ادا کیا۔