تحریک انصاف سندھ کا شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کی برسی پر زبردست خراج عقیدت

علامہ اقبال دنیا بھر کے علماء، مشائخ، صوفیوں ، فلسفیوں اور شعراء کے لیے مشعل راہ ہیں، مقررین

ہفتہ اپریل 20:58

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 اپریل2018ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر فردوس شمیم نقوی اور پی ٹی آئی کراچی کے جنرل سیکریٹری و سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر ایم پی اے خرم شیر زمان نے شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کی برسی پر پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہائوس ‘‘کراچی سے جاری کردہ اپنے ایک مشترکہ بیان میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ علامہ اقبال ہر دور کے مسلمانوں کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔

حکیم الامت علامہ اقبال پاکستان میں بسنے والے ہر انسان کے لیے ایک عملی نمونہ تھے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ علامہ اقبال دنیا بھر کے علماء، مشائخ، صوفیوں ، فلسفیوں اور شعراء کے لیے مشعل راہ ہیں۔ انہوں نے شاعری کے ذریعے جو شمع روشن کی ہے وہ تاقیامت جلتی رہے گی اور علم و ہدایت کے پروانے ان سے فیض حاصل کرتے رہیں گے۔

(جاری ہے)

علامہ اقبال کی شاعری موجودہ دور کے تمام تر چیلنجز کا مقابلہ کرنے کی ہمت دیتی ہے اور ان سے نبرد آزما ہونے کے مختلف گر بیان کرتی ہے۔

آج کے مایوسی، نفرت اور تکلیف سے پر ماحول میں علامہ اقبال کی شاعری امید، محبت، امن و آشتی اور سکون قلب عطا کرتی ہے۔ شاعر مشرق ایسے دانائے راز تھے جنہوں نے اپنی شاعری سے ہر دور کی حق و صداقت کی تحریکوں میں روح پھونک دی۔ پاکستانیوں کے لیے مملکت خداداد علامہ اقبال کا احسان عظیم ہے ، ہمیں چاہئے کہ ہر دور میں ان کے پیغام کو یاد رکھیں اور اس کی عملی تفسیر بن کر دکھائیں۔ آج کے دور میں ہر سیاسی رہنما کو علامہ محمد اقبال کے فلسفیانہ خیالات اورنظریات سے رہنمائی حاصل کرنی چاہئے تاکہ ہم وہ مملکت عظیم قائم کرکے دنیا کو دکھا دیں جس کا خواب بانی پاکستان اور شاعر مشرق علامہ محمد اقبال نے دیکھا تھا