شہر کراچی میں کے ڈی اے کی قیمتی اراضی پر عرصہ دراز سے قبضہ مافیا نے ناجائز قبضہ کیا ہوا تھا، سمیع الدین صدیقی

حکومت سندھ نے اراضی واگزار کرانے میں مدد و تعاون فراہم کیا جس کے باعث کراچی کی تاریخ میں وسیع پیمانے پر قبضہ مافیا کے خلاف بلاتفریق اور تسلسل کے ساتھ کارروائی کی گئی، ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی

ہفتہ 21 اپریل 2018 21:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اپریل2018ء) ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی سمیع الدین صدیقی نے کہا ہے کہ شہر کراچی میں کے ڈی اے کی قیمتی اراضی پر عرصہ دراز سے قبضہ مافیا نے ناجائز قبضہ کیا ہوا تھا، حکومت سندھ نے اراضی واگزار کرانے میں مدد و تعاون فراہم کیا جس کے باعث کراچی کی تاریخ میں وسیع پیمانے پر قبضہ مافیا کے خلاف بلاتفریق اور تسلسل کے ساتھ کارروائی کی گئی۔

گزشتہ 16 برس کے دوران کے ڈی اے کے مالی اور غیر منقولہ اثاثہ جات کو بے دردی کے ساتھ لوٹا گیا بلکہ کے ڈی اے کی تمام اسکیموں اور ٹائون شپس میں موجود قیمتی قطعات اراضی پر قبضہ کرکے لینڈ مافیا نے فروخت کردیئے۔ کے ڈی اے کی تمام اسکیموں اور ٹائون شپس میں قائم تجاوزات کا خاتمہ کیا جارہا ہے جبکہ نئے تجاوزات کی روک تھام کے لئے کے ڈی اے کی تمام اسکیموں اور ٹائون شپس میں سخت نگرانی کی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار ڈی جی کے ڈی اے نے گلشن اقبال سرسید یونیورسٹی کے بالمقابل ہاکی اسٹیڈیم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے بحیثیت مہمان خصوصی تقریب میں شرکت کی۔تقریب میں اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی، صوبائی وزیر اطلاعات ونشریات ناصر حسین شاہ، کے ڈی اے مشیر کھیل ڈاکٹر جنید علی شاہ، چیئرمین ہاکی ایسوسی ایشن گلفراز خان، اولمپین حنیف خان، سمیع اللہ، اعجاز احمد، ڈاکٹر ماجد، ریاض الدین، ممبر ایڈمنسٹریشن کے ڈی اے غلام عباس ڈیتھو، کے ڈی اے میڈیا کو آرڈی نیٹر فرمان شاہ و دیگر افسران نے شرکت کی۔

اسپیکر سندھ اسمبلی آغاسراج درانی اور وزیراطلاعات و نشریات ناصر حسین شاہ نے یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ حکومت سندھ کے ڈی اے کے مثبت اقدام کی بھرپور حمایت اور اپنا مکمل تعاون جاری رکھے گی۔ اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے مزید کہا کہ نوجوان نسل کے لئے صحتمندانہ سرگرمیاں فراہم کرنا خوش آئند اقدام ہے اور ڈی جی کے ڈی اے اس اقدام کے باعث مبارکباد کے مستحق ہیں۔

اس موقع پر ڈی جی کے ڈی نے کہا کہ عرصہ دراز سے شہریوں کو تفریحی مقامات اور صحتمندانہ سرگرمیوں سے محروم رکھا گیا، ادارہ شہریوں کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کا ضامن ہے، ابتدائی مرحلے میں گلشن اقبال ST-17، بلاک 5 میں قائم کے ڈی اے اراضی کو ہنگامی بنیادوں پر واگزار کراکے نوجوان نسل کو صحتمندانہ سہولیات فراہم کرنے کے لئے کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے تعاون سے جدید طرز پر ہاکی اسٹیڈیم کو فعال کردیا گیا۔

کھیلوں کو فروغ دینے اور میدانوں کو آباد کرنے کے لئے ادارہ اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لارہا ہے، واگزار کرائی گئی کے ڈی اے اراضی پر قائم 54 سے زائد کھیلوں کے میدان کو آباد کرنے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ بعدازاں کے ڈی اے مشیر کھیل جنید علی شاہ نے مختصر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈی جی کے ڈی اے کی ذاتی دلچسپی کے باعث ایک بار پھر شہر کراچی میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور میدان آباد کرنے کیلئے ادارہ کی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔ تقریب کے اختتام پر ڈی جی کے ڈی اے نے خصوصی طور پر اسپیکر صوبائی اسمبلی آغاسراج درانی، وزیر اطلاعات و نشریات ناصر حسین شاہ کی آمد پر شکریہ ادا کیا۔ #