برطانوی وزیر اعظم مسئلہ کشمیر حل کرانے کے لیے مودی حکومت پر دبائو ڈالیں، حاجی جاوید اختر چوہدری

ہفتہ 21 اپریل 2018 21:10

مظفر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2018ء) زاد کشمیر حکومت کے وزیر قانون انصاف و پارلیمانی امور حاجی جاوید اختر چوہدری نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ برطانوی وزیر اعظم مسئلہ کشمیر حل کرانے کے لیے مودی حکومت پر دبائو ڈالیں، برطانوی ممبران پارلیمنٹ کا فیکٹ فائنڈنگ مشن مقبوضہ کشمیر بھیجا جائے ۔

انہوں نے میڈیا سے گفتگو کے دوران مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم نے بھارت کے دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہونے کے دعویٰ کی قلعی کھول کر رکھ دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیرو پاکستان لازم و ملزوم ہیں اور دنیا کی کوئی بھی طاقت ان کو جد ا نہیں کر سکتی ۔ کشمیریوں کا اہل پاکستان کے ساتھ لازوال رشتہ ہے اور کشمیری عوام کے دل پاکستانیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں مضبوط و مستحکم پاکستان مقبوضہ کشمیر کی بھارتی چنگل سے آزادی کا ضامن ہے ۔

(جاری ہے)

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر عالمی خاموشی لمحہ فکریہ ہے ۔ معصوم بچی آصفہ کے ساتھ زیادتی کے بعد قتل نے بھارت کا گھنائونا چہرہ عالمی برادری کے سامنے بے نقاب کردیا ہے ۔ بھارتی مظالم کشمیریوں کی تحریک آزادی کو ختم نہیں کرسکتے ۔ وزیر قانون چوہدری جاوید اختر نے مزید کہا ہیکہ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن کی موجودہ حکومت وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان کی زیر قیادت مقبوضہ کشمیر کی بھارتی تسلط سے آزادی اور آزاد خطہ کی مثالی تعمیر وترقی اور عوامی فلاح وبہبود کے منصوبوں کی معیاری اور بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے ۔