تعلیم اور صحت کے شعبوں میں بہتری کے لیے وزیر اعظم آزادکشمیر اور انکی ٹیم کی کاوشیں لائق تحسین ہیں، ناصر حسین ڈار

ہفتہ 21 اپریل 2018 21:10

مظفر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2018ء) آزادکشمیر حکومت کے وزیر بحالیات و ٹرانسپورٹ ناصر حسین ڈار نے کہا ہے کہ وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان کی زیر قیادت مسلم لیگ ن کی موجودہ حکومت خطہ کی تعمیر و ترقی، عوامی مسائل کے حل ، گڈ گورننس اور میرٹ کی بحالی کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے خصوصاًتعلیم اور صحت کے شعبوں میں بہتری کے لیے وزیر اعظم آزادکشمیر اور انکی ٹیم کی کاوشیں لائق تحسین ہیں ۔

ایک نجی سکول کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب کے دوران ناصر حسین ڈار نے مزید کہا کہ محکمہ تعلیم میں اصلاحات کے عمل سے جہاں آزاد کشمیر میں معیار تعلیم بہتر ہوگا وہاں تعلیم یافتہ طبقہ کو میرٹ کی بنیاد پر ملکی تعمیر وترقی کے عمل میں شرکت کے بھرپور مواقع ملیںگے۔

(جاری ہے)

وزیر بحالیات آزاد کشمیر کے مطا بق آزاد کشمیر میں تعلیمی اداروں کی اپ گریڈیشن ، سٹا ف کی کمی کو پورا کرنے کے علاوہ تعلیمی اداروں کی عمارات کی تعمیر وبحالی کے لیے خصوصی اقدامات کیے جارہے ہیں ۔

تعلیمی اداروں میں اساتذہ اور سٹاف کی حاضری کو یقینی بنانے کے لیے بائیو میٹرک سسٹم متعارف کرانے کے علاوہ مقامی سطح پر عوامی نمائندوں اور زعماء کرام پر مشتمل کمیٹیاں بھی بنائی جائیں گی ۔ناصر حسین ڈار نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں لٹریسی ریٹ /شرح خواندگی پاکستان کے دیگر صوبوں سے زیادہ ہے اور اب معیار تعلیم میں بہتر ی کے لیے خصوصی پالیسی پر عملدرآمد کیا جارہا ہے ۔APP/SZS