مودی سرکار اور بھارتی افواج مقبوضہ کشمیر میں تاریخ انسانی کے اندوہناک مظالم ڈھا رہی ہیں، چوہدری محمد مسعود خالد

ہفتہ 21 اپریل 2018 21:11

مظفر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2018ء) آزاد کشمیر حکومت کے وزیر سول ڈیفنس چوہدری محمد مسعود خالد نے کہا ہے کہ آج مودی سرکار اور بھارتی مسلح افواج مقبوضہ کشمیر میں کشمیری مسلمانوں پر تاریخ انسانی کے اندوہناک مظالم ڈھا رہی ہیں اور اس ضمن میں اقوام عالم کی خاموشی ایک لمحہ فکریہ ہے ۔ بھارتی حکومت اور اسکی خفیہ ایجنسیوں اور مسلح افواج نے 1989ء تا28فروری 2018تک مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز قتل عام کیا جس میں 94ہزار 9سو 22افراد کی مختلف جعلی مقابلوں میں قتل کیا گیا۔

(جاری ہے)

ایمنسٹی انٹرنیشنل کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی درندگی کی 29سالہ رپورٹ کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں مختلف علاقوں میں سات ہزار سے زائد گمنام قبروں کا بھی انکشاف ہوا ہے حراست کی دوران مختلف عقوبت خانوں میں اذیت دیکر سات ہزار ایک سو سے زائد افراد کو قتل کیا گیا جبکہ ایک لاکھ 43ہزار 364بے گناہ سول افراد کو مقبوضہ کشمیر اور بھارت کی مختلف جیلوں میں ڈالا گیا جو آج بھی پابند سلاسل ہیں چوہدری محمد مسعود خالد نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے حوالہ سے منعقدہ ایک سیمینار سے بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب میں امریکہ ، برطانیہ ، روس اور چین سمیت دیگر عالمی طاقتوں پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں مودی سرکار کے مظالم کے خاتمہ کے لیے اور مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے اپنا اثرورسوخ استعمال کریں ۔