کھیلوں کے فروغ سے معاشرے میں صحت مند ماحول فراہم کیاجاسکتا ہے ،صابرقائم خانی

ہفتہ 21 اپریل 2018 21:12

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2018ء) ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی کے رکن و ایم پی اے انجینئر صابرحسین قائم خانی نے کہا ہے کہ کھیلوں کے فروغ سے معاشرے میں صحت مند ماحول فراہم کیاجاسکتا ہے کیونکہ جس شہر میں کھیلوں کے میدان آباد ہو تے ہیں وہاں کے ہسپتال ویران ہوتے ہیں اور کھیلوں کے فروغ کیلئے اسپورٹس و کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی پر یوسی چیئرمین ڈاکٹر محفوظ گدی اور کونسلرز مبارکباد کے مستحق ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونین کمیٹی 84 کے آفس و بلدیہ پارک میں منعقدہ ماڈل کیوکشن کراٹے سینٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا،تقریب میں یوسی چیئرمین 84ڈاکٹر محفوظ گدی،وائس چیئرمین فیصل عظیم ،یوسی چیئرمین 83 عبدالحفیظ ، بلیک بیلٹ 5ڈان شیہان رئیس احمد خان دریشانی، بلیک بیلٹ 4ڈان سید شمیم نقوی سمیت یوسیز کونسلرز اور علاقہ معزیزین سمیت کراٹے کاز کی بڑی تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

ایم پی اے صابر حسین قائم خانی نے مزید کہاکہ کھیلوں کی سرگرمیوں سے ہم اپنے بچوں کی ذہنی و جسمانی صلاحیتوں میں اضافہ کرسکتے ہیں اور نوجوان تعلیم کے ساتھ ساتھ مختلف کھیلوں میں بھی اپنی صلاحیتوں کواجاگرکریں،انہوں نے کہا کہ کھیلوںکی سرگرمیاں معاشرے میں خواشگوار ہوا کا ایک جھونکا ہوتی ہیںاگر ان سرگرمیوں کو جاری رکھا جائے تو سارا ماحول خوشگوار بنارہتا ہے، اس موقع پر بلیک بیلٹ 5ڈان شیہان رئیس احمد خان دریشانی یوسی چیئرمین 84ڈاکٹر محفوظ گدی کی کھیلوں کے فروغ کیلئے کی جانے والی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ اگر اسی طرح ہر شخص اپنی ذمہ داریوں کو محسوس کرتے ہوئے کھیل اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرے تو وہ وقت دور نہیںجب حیدرآباد ملک ودنیامیں مختلف کھیلوںمیں باصلاحیت کھلاڑی پیدا کرنے والا شہرجانا جائے گا کیونکہ حیدرآباد میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے صرف حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے۔