جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کی آفیشل ویب سائٹ لانچ کردی گئی

ہفتہ 21 اپریل 2018 21:24

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اپریل2018ء) جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کی آفیشل ویب سائٹ لانچ کردی گئی۔ امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے بٹن دبا کر افتتاح کیا۔ المرکزالاسلامی پشاور میں سائبر فورم پاکستان کے زیر اہتمام جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے اضلاع اور ایجنسیز کے سوشل میڈیا ذمہ داران کی دوروزہ تربیتی ورکشاپ میں سینیٹر مشتاق احمد خان نے جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کی آفیشل ویب سائٹ کا افتتاح کیا۔

ویب سائٹ پر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کی سرگرمیوں سے متعلق خبریں، تصاویر ، ویڈیوز اور ڈاکومینٹریز اپلوڈ کی جائیں گی ۔ امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ سوشل میڈیا نے گزشتہ عشرے سے اپنی افادیت منوالی ہے اور بڑی تعداد میں نوجوان سوشل میڈیا کا حصہ بن کر اپنے احساسات، جذبات اور خیالات کا اظہار کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

سوشل میڈیا کی افادیت سے انکار ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے کارکنان سوشل میڈیا کے استعمال کو یقینی بنائیں اور اس کے ذریعے جماعت اسلامی کی دعوت لوگوں تک پہنچائیں ، انہیں جماعت میں شمولیت کی دعوت دیں اور ہمہ گیر انقلاب کی راہ ہموار کریں۔ انہوں نے کہا کہ آج خوشی کا دن ہے کہ جماعت اسلامی خیبر پختونخوا نے اپنی آفیشل ویب سائٹ لانچ کرلی ہے۔ اس کی ضرورت محسوس کی جارہی تھی اور یہ ایک سنگ میل ہے جسے جماعت اسلامی خٰبر پختونخوا نے عبور کیا ہے۔ جماعت اسلامی کی ویب سائٹ اس ایڈریس www.jamaatkp.orgپر دیکھی جاسکتی ہے۔