سکھر کی 26یوسیز میں صفائی ستھرائی کی ابتر صورتحال ، علاقہ مکینوں کو شدید پریشانی کا سامنا

ہفتہ 21 اپریل 2018 22:01

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2018ء) بلدیہ اعلیٰ کے بلند بانگ دعوے کام نہ آسکے ، شہر کے رہائشی و کاروباری مراکز گندگی کے لپٹ میں ، سکھر کی 26یوسیز مین صفائی ستھرائی کی ابتر صورتحال ، مکینوں کو شدید پریشانی کا سامنا،چیف جسٹس و دیگر بالا حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ تفصیلات کے مطابق سکھر میونسپل کارپوریشن کی جانب سے آئے روز شہر میں صفائی ستھرائی کے حوالے سے مثالی کارکردگی کے بیانات جاری ہو رہے ہیں تاہم یہ بیانات صرف بیانوں تک ہی محدود نظر آرہے ہیں اس وقت شہر کی 26یونین کمیٹیوں میں صفائی ستھرائی کی صورتحال انتہائی خراب ہو چکی ہے ، جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر اور نالیوں اور گٹروں میں پھنسا ڈرینج کا گندہ پانی انتظامیہ کی بے حسی کا مذاق اٹھا رہا ہے شہر میں گذشتہ ایک ہفتے سے صفائی ستھرائی نہ ہونے کی وجہ سے کچہرہ کنڈیا ںبھی بھر گئیں ہیں شہر میں ہونے والے ترقیاتی کام نامکمل ہونے کی وجہ سے لاکھوں روپے خرچ کر کے لگائی جانیوالی ٹف ٹائلز بھی جگہ جگہ سے اکھاڑنا شروع ہو چکی ہے سکھر شہر میں صفائی ستھرائی کی بگڑتی ہوئی صورتحال اور شہریوں کو درپیش مشکلات پر سکھر کے شہریوں نے چیف جسٹس آف پاکستان سمیت چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی ، وزیر اعلیٰ سندھ ، صوبائی وزیر بلدیات سمیت دیگر بالا حکام سے سکھر شہر میں صفائی ستھرائی کی ناقص کارکردگی کا نوٹس لیتے ہوئے شہریوں کوبلدیاتی سہولیات فراہمی کا پرزور مطالبہ کیا ہے ۔