محکمہ تعلقات عامہ پنجاب میں غنڈہ گردی ،محکمہ کے افسران کے ساتھ غیرشائستہ رویہ روا رکھنے پر 21 اہلکارمعطل

ہفتہ 21 اپریل 2018 22:01

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2018ء) محکمہ تعلقات عامہ پنجاب میں کار سرکار میں بدترین مداخلت ، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے، توڑپھوڑ، ہنگامہ آرائی، سرکاری ریکارڈ چھیننے، دفاتر کی غیرقانونی تالابندی، ملازمین کو اشتعال دلانے، بیرونی عناصر کی مدد سے غنڈہ گردی اور محکمہ کے افسران بالخصوص لیڈی افسران کے ساتھ غیرشائستہ اوراہانت آمیز رویہ روا رکھنے پر 21 اہلکاروںکو فوری طور پر معطل کر کے انکوائری کا حکم دے دیا گیا ہے۔

معطل کئے گئے اہلکاران میں واصف حمید اسسٹنٹ، محمد تصور سینئر کلرک، عاطف اسلم سینئر کلرک، مشتاق علی سٹینوگرافر، شوکت علی وٹو، خالد فیروز آپریٹر، مجیب اسلم آپریٹر،محمد عباس آپریٹر، عبدالمجید آپریٹر، مرزا صغیر احمد ٹیلیکس آپریٹر، محمد ریاض جونیئر کلرک، ارشادرشید نائب قاصد،عمر خان نائب قاصد، جرارعباس ڈارک روم اٹینڈنٹ، حمزہ باجوہ ڈرائیور،وسیم اختر ڈرائیور،شہریار بشیر کمپوزر، علی رضا ڈاک رنر،محمد دلاور چوکیدار، احسن اقبال ہیلپرشامل ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان محکمہ تعلقات عامہ نے واضح کیا ہے کہ انکوائری کی روشنی میں پیڈا ایکٹ کے تحت مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ترجمان نے بتایا کہ مجاز اتھارٹی نے متنبہ کیا ہے کہ محکمہ کے تمام ملازمین اپنی اپنی ڈیوٹی پر حاضر رہیں اور کسی بھی قسم کی تخریبی اورایسی کارروائیوں سے دور رہیں جن کی آئین پاکستان اور قواعد و ضوابط میں کوئی گنجائش نہیں۔ ترجمان نے واضح کیا کہ محکمہ میں نظم و ضبط، قانون کی پاسداری اور معمول کے مطابق سرکاری فرائض کی انجام دہی کے لئے ملازمین اور سرکاری ریکارڈ کے تحفظ سمیت کئی ایک اقدامات کئے گئے ہیںاس لئے ملازمین غنڈہ عناصر کی دھمکیوں کو خاطر میں لائے بغیر اپنے فرائض منصبی بلاخوف و خطرپوری تندہی سے انجام دیں۔