حکومت نے قیمتوں کے موجودہ ڈھانچے کو سادہ بنانے کے لئے قومی ٹیرف پالیسی کا مسودہ تیار کرلیا

اتوار 22 اپریل 2018 00:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2018ء) حکومت نے قیمتوں کے موجودہ ڈھانچے کو سادہ بنانے کے لئے قومی ٹیرف پالیسی کا مسودہ تیار کرلیا ہے جس کا مقصد خصوصاً برآمدات پر توجہ مرکوز کرنا اور اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔پالیسی کا یہ مسودہ کامرس ڈویژن اور قومی ٹیرف کمیشن نے چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں سمیت مقامی مینو فیکچررز کی سہولت کے لئے تیار کیا ہے۔

قیمتوں کی قومی پالیسی کے مسودے میں برآمدی صنعتوں کے لئے خام مال اور مشینری پر ڈیوٹی بتدریج کم کرنے کی سفارش کی گئی ہی' برآمدی مصنوعات پر ٹیرف کی حد پانچ فیصد' دس فیصد' پندرہ فیصد اور بیس فیصد پر دوبارہ مقرر کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔پالیسی کے مسودے کا مقصد قیمتوں کے ڈھانچے کو سادہ بنانا اور اس میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنا بھی ہی' پایسی میں چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کی پیداواری لاگت کم کرنے کی غرض سے خام مال' مصنوعات اور مشینری کے تجارتی درآمد کنندگان اور صنعتی صارفین کے لئے ٹیرف کے نرخوں میں فرق ختم کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

پالیسی میں نئی صنعتوں کو مخصوص مدت کے لئے تحفظ فراہم کرنے کی تجویز بھی شامل ہے۔نیشنل ٹیرف پالیسی کی سفارشات پرعملدرآمد مالی سال19-2018 کے آغاز سے پانچ سال کیلئے کیا جائے گا۔