کشمیریوں کی لازوال قربانیوں کی طویل داستان ہے ان کی قربانیوں کو بھلایا نہیں جا سکتا‘جی اوسی مری

پوری پاکستانی قوم مشکل کی اس گھڑی میں اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے میجر جنرل اظہر عباس کا باغ میںسپرنگ فیسٹیول کی افتتاحی تقریب سے خطاب

اتوار اپریل 12:00

باغ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 اپریل2018ء) جی او سی مری میجر جنرل اظہر عباس نے باغ سپرنگ فیسٹیول کی افتتاحی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کی لازوال قربانیوں کی طویل داستان ہے ان کی قربانیوں کو بھلایا نہیں جا سکتا۔انہوں نے پہلے بھی قربانیاں دی ہیں اور اب بھی دے رہے ہیں۔ہم لائن آف کنٹرول کے اس پار مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں اور بہنوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں اور ان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں کہ جس حوصلے ، ولولے اور جذبہ ایمانی سے دشمن کے سامنے بر سر پیکار ہیں وہ دن دور نہیں جب ان کی جد و جہد رنگ لائے گی۔

پوری پاکستانی قوم مشکل کی اس گھڑی میں اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ زندہ قومیں اپنے مقاصد کے حصول کی خاطر کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرتی۔

(جاری ہے)

ہمیں اپنے بزرگوں کی سوچ اور قربانیوں کا ادراک کرتے ہوئے قومی سطح پر یکجہا ہو کر مزید آگے بڑھنا ہے۔ موجودہ دور میں پاکستان کو نئے چیلنجز کا سامنا ہے معاشرے میں منفی رجحانات اور تعصبات کو طے شدہ منصوبہ کے تحت پھلایا جا رہا ہے۔

جن کا بروقت تدارک انتہائی ضروری ہے۔ آزاد کشمیر کے لوگوں کو نہ صرف کشمیر بلکہ پاکستان کے مستقبل میں اہم کردار ادا کرنا ہے۔ آپ کا عزم ، حوصلہ ، ارادہ اور جذبہ آپ کو کامیاب کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ سپرنگ فیسٹیول کا انعقاد خوش آئند ہے اس سے مثبت سرگرمیوں کو فروغ ملتا ہے (اظہر نذیر عباسی سی)۔ وہ دن دور نہیں جب ہم بحیثیت قوم مل کر اس طرح کے ہزاروں تہوار اکٹھے منائے گے۔

میں امید کرتا ہوں کہ یہ ایونٹ سماجی اور اخلاقی میدان میں مثبت تبدیلیاں لانے میں معاون ثابت ہو گا انھوں نے شاندار ایونٹ کرانے پر چیرمین فیسٹیول کمیٹی سردار عبدالقادر اور وائس چیرمین ڈاکٹر شبیر کو خراج تحسین پیش کیا۔ تقریب سے ڈپٹی کمشنر باغ سردار عبدالوحید ،چیرمین فیسٹیول اسسٹنٹ کمشنر سردار عبدالقاد ر اور دیگر نے خطاب کیا۔فیسٹیول میں پہلے ہی دن ہزاروں افراد بچے طلبہ و طالبات مرد وخواتین نے شرکت کی جبکہ اس فیسٹیول میں دو سو پچاس سے زائد مختلف سٹال لگائے گئے -