آل کشمیر مہاجر آرگنائزیشن کے چیئرمین گھریلومصروفیات کے باعث مستعفی ‘راجہ وسیم نئے چیئرمین منتخب

سابق چیئرمین غلام محمد خان نے مہاجرین کو ایک پلیٹ فارم پر متحدومنظم کیا،مقررین

اتوار 22 اپریل 2018 12:00

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اپریل2018ء)آل کشمیر مہاجر آرگنائزیشن کا اہم اجلاس گزشتہ روز مرکزی دفتر ٹانگہ اسٹینڈ میںمنعقد ہوا۔اجلاس کی صدارت سرپرست اعلیٰ آل کشمیر مہاجر آرگنائزیشن قاری طفیل احمد بٹ نے کی ۔اجلاس میں آل کشمیر مہاجر آرگنائزیشن کے چیئرمین غلام محمد خان،وائس چیئرمین راجہ وسیم کشمیر ی ،صدر راجہ سجید خان،جنرل سیکرٹری پرویز درانی ،سینئر نائب صدر میاں عبدالرحما ن ،سیکرٹری مالیات مختار سعید خان،جان اورنگزیب،جہانگیرقریشی،تنویر درانی ودیگر نے شرکت کی ۔

اجلاس میں تنظیمی امور پر غوروفکر کیا گیا اورتنظیمی سرگرمیوں کے حوالہ سے آئندہ کے لیے لائحہ عمل طے کیا گیا ۔اجلا س میں متفقہ رائے سے یہ فیصلہ کیا گیا کہ چیئرمین غلام محمد خان کا تنظیم کے لیے وقت نہ دینے اور گھریلو مصروفیات کے باعث تنظیم کی پوری مجلس عاملہ نے حق رائے دہی استعمال کرتے ہوئے نیا چیئرمین منتخب کرلیا ۔

(جاری ہے)

آل کشمیر مہاجر آرگنائزیشن کے نئے راجہ وسیم کشمیری بلامقابلہ چیئرمین منتخب ہوئے ۔

مرکزی مجلس عاملہ اور عہدیداران کی طرف سے نئے منتخب چیئرمین کو مبارکباد پیش کی گئی ۔اس موقع پر سرپرست اعلیٰ،نومنتخب چیئرمین اوردیگر عہدیداران نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سابق چیئرمین غلام محمد خان نے تنظیم کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا موصوف ہمیشہ تنظیم کی فلاح وبہبود کیلئے کوشاں رہے ہیں ۔موصوف کی قیادت میں مہاجرین طلباء کی فیس معافی کا نوٹیفکیشن لینا کسی کارنامہ سے کم نہیں ۔

سابق چیئرمین نے مہاجرین کو ایک پلیٹ فارم پر متحدو منظم کیا اور ہر محاذپر مہاجرین کے حقوق کی جنگ لڑی ۔نومنتخب چیئرمین راجہ وسیم کشمیر ی نے کہا کہ آل کشمیر مہاجر آرگنائزیشن مہاجرین کی نمائندہ جماعت ہے مہاجرین کے حقوق پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔انشاء اللہ پوری کوشش کروں گا کہ سابق چیئرمین کے اپنائے ہوئے راستہ پر چل کر مہاجرین کے مسائل حل کروں اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کروں گا۔خون کا آخری قطرہ بھی آل کشمیرمہاجر آرگنائزیشن کے لیے وقف کروں گا۔سابق چیئرمین گھریلو مصروفیات کی وجہ سے مستعفی ہوئے ہیں ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گی-