کامسیٹس ایبٹ آبادانتظامیہ کا ریکٹر پروفیسرڈاکٹر راحیل قمر کے خلاف گمراہ کن پروپیگنڈہ کرنے والوں کے خلاف عدالت جانے کا فیصلہ

اتوار 22 اپریل 2018 12:30

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2018ء) کامسیٹس انسییٹٹوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی ایبٹ آباد کی انتظامیہ نے ریکٹرپروفیسر ڈاکٹر راحیل قمر کے خلاف مذموم مقاصدکیلئے چلائی جانے والی مہم کی شدید مذمت کرتے ہوئے گمراہ کن پروپیگنڈہ کرنے والوںکے خلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں،سائبر کرائم ونگ اورعدالت رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

کامسیٹس انسٹیٹیوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ترجمان کے مطابق تمغہ امتیاز پروفیسر ڈاکٹرراحیل قمر بین الاقوامی طورپر مستند سمجھے جانے والے مایہ ناز بائیو کیمسٹری اور مائیکرو بیالوجی کے سائنسدان ہیں جن کا کا م بین الاقوامی سطح پر تسلیم کیا جاتا ہے اور ان کے خلاف یہ الزام لگانا کہ انہوں نے کسی کے مقالہ جات اور ریسرچ کو کاپی کیا ہے انتہائی لغو ہے اور اس پر یونیورسٹی انتظامیہ اور معزز اساتذہ کرام نے اس طرح کے بے بنیاد اور گمراہ کن پروپیگنڈا کا سد باب کرنے کے لئے قانون نافذ کرنے والے اداروں بشمول ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ،ملکی عدلیہ و دیگر سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے کہ وہ پتا چلائیں کہ ملک کے ممتاز ادارے اور مایہ ناز سائنس دان او ر ریکٹر کے خلاف کون یہ مہم چلا رہا ہے، ان کے مقاصد کیا ہیں اور ان کو قانون کے دائرے میں لایا جائے۔

(جاری ہے)

گمنام شناخت کے حامل گمراہ کن عناصر کو بے نقاب کرنے اور کیفر کردار تک پہچانے میں ہر ممکن ذرائع بروئے کار لانے کا تہیہ کیا گیا ہے۔یاد رہے کہ کامسیٹس انسییٹٹوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی کو علمی اور تحقیقی میدان میں میں ملکی اور بین الاقوامی سطح پر نمایاں اور ممتاز مقام کا حامل سمجھا جاتا ہے۔