پنجاب پراونشل کوآپریٹو بینک کا صوبہ بھر میں فصلات خریف کیلئے قرضوں کی فراہمی کا آغاز

اتوار اپریل 12:50

فیصل آباد۔22 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 اپریل2018ء) پنجاب پراونشل کوآپریٹو بینک نے فیصل آباد ریجن سمیت صوبہ بھر میں فصلات خریف کیلئے قرضوں کی فراہمی کا آغاز کر دیا ہے جبکہ فیصل آباد ریجن کیلئے 389.93 ملین روپے اور پنجاب بھر کیلئے 2500 ملین روپے سے زائد کے قرضوں کی فراہمی کا ہدف مقرر کیاگیاہے نیزمذکورہ قرضوں کی فراہمی 30جون تک جاری رہے گی۔

پنجاب پراونشل کوآپریٹو بینک فیصل آباد ریجن کے ذرائع نے بتایاکہ فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ ، چنیوٹ کے اضلاع سے تعلق رکھنے والے کوآپریٹو سوسائٹیز کے ممبران و چھوٹے کاشتکاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر جلد از جلد پراونشل کوآپریٹو بینک کی قریبی شاخوں سے رجوع کریں تاکہ انہیں بروقت زرعی قرضوں کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ کاشتکار آسان شرائط پر قرضہ جات حاصل کرکے فصلات خریف کیلئے بیجوں ، کھادوں ، زرعی ادویات ، زرعی زہروں ، مشینری و زرعی آلات کی خرید کے علاوہ دیگرزرعی مداخل کے ضمن میں اپنی ضروریات پوری کر سکتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ بینک کی تمام برانچز کے منیجر صاحبان اور معاون عملہ کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ قرضے حاصل کرنے کے خواہش مند چھوٹے کاشتکاروں کی بھرپوررہنمائی کریں اور انہیں بروقت قرضوں کی فراہمی میں کسی کوتاہی کا مظاہرہ نہ کیاجائے ۔انہوںنے کہاکہ کاشتکار بینک کے عملہ سے فصلات کی کاشت اور زرعی اجناس کی بمپرکراپس کے حصول کیلئے مناسب رہنمائی بھی حاصل کرسکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :