لیبیا، شدت پسندوں کا ہوائی اڈے پر حملہ، 14 ہوائی جہاز تباہ

اتوار اپریل 13:00

طرابلس۔22 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 اپریل2018ء) لیبیا کے دارالحکومت طرابلس میں دو مسلح گروپوں کے درمیان تصادم کے دوران طرابلس کے ہوائی اڈے پر گولہ باری سے کم سے کم 14 ہوائی جہاز تباہ ہوگئے۔ متاثرہ طیاروں کی قیمت کا تخمینہ 2 ارب ڈالر لگایاگیا ہے۔العربیہ ٹی ویکے مطابق مسلح عناصر کی طرف سے طرابلس کے معتیقہ بین الاقوامی ہوائی اڈے پر گولے اور راکٹ داغے گئے، جس کے نتیجے میں وہاں پر کھڑے ایک درجن سے زائد ہوائی جہازوں میں آگ بھڑک اٹھی۔

لیبیا کی سرکاری فضائی کمپنی کی طرف سے گزشتہ روز جاری کردہ ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کمپنی کو معتیقہ ہوائی اڈے پر کھڑے طیاروں کے تباہ ہونے سے غیرمعمولی نقصان پہنچا ہے۔ جمعرات کے روز کئے گئے اس حملے میں بعض طیارے مکمل طورپر تباہ ہوئے جب کہ بعض کو نقصان پہنچا ہے۔

(جاری ہے)

کمپنی کا کہنا ہے کہ ہوائی اڈے کو دو مسلح گروپوں کے درمیان لڑائی کے دوران نشانہ بنایا گیا۔

لڑائی میں 3 ایئر بس A320 مکمل تباہ ہوگئے۔ ان کی مالیت 97 ملین ڈالر بتائی جاتی ہے جب کہ 95 ملین ڈالرکا A318 اور 90 ملین ڈالر مالیت کا A319 ماڈل کے دو طیارے تباہ ہوگئے۔A321 ایئربس کے دو طیارے جن کی مالیت 11 کروڑ ڈالر سے زائد ہے تباہ ہوگئے۔خیال رہے کہ طرابلس گذشتہ کئی ماہ سے کشیدگی کی لپیٹ میں ہے جہاں ایک طرف حکومت اور شدت پسند آپس میں نبر آزما ہیں وہیں بعض انتہا پسند تنظیمیں ایک دوسرے کے خلاف بھی لڑ رہی ہیں۔

متعلقہ عنوان :