پاکستان اپنے پڑوسی ملکوں میں امن کا خواہش مند ہے‘جامع حکمت عملی سے دہشت گردوں کا صفایا کیا۔ڈاکٹرملیحہ لودھی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم اتوار 22 اپریل 2018 13:26

پاکستان اپنے پڑوسی ملکوں میں امن کا خواہش مند ہے‘جامع حکمت عملی سے ..
نیویارک(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔22 اپریل۔2018ء) اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ پاکستان نے جامع حکمت عملی سے تمام دہشت گردوں کا صفایا کر دیا ہے۔ پاکستان اپنے پڑوسی ملکوں میں امن کا خواہش مند ہے۔ امریکی وار کالج کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے جامع حکمت عملی سے تمام دہشت گردوں کا صفایا کر دیا ہے، دنیا میں دہشت گردی کے خلاف سب سے بڑا آپریشن پاکستان نے شروع کیا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف آپریشن کے شاندار نتائج آئے ہیں، پاکستان میں دہشت گردحملوں میں 60فیصد تک کمی آگئی ہے ،2006کے بعد سے دہشت گردی کے واقعات میں انتہائی کمی آچکی ہے۔لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ چیلنج ختم ہوچکا، لیکن ہم بہت بہترپوزیشن میں ہیں۔

(جاری ہے)

ملیحہ لودھی نے کہا کہ پاکستان اپنے پڑوسی ملکوں میں امن کا خواہش مند ہے۔افغانستان میں امن واستحکام کا فروغ پاکستان کی خارجہ پالیسی میں ترجیح رکھتا ہے۔

پاکستان دیرینہ تنازعات کے حل سے بھارت سے دیرپا تعلقات چاہتاہے۔ملیحہ لودھی نے کہا کہ ملک میں اب جمہوریت کیلئے مضبوط قومی اتفاق رائے ہے۔ جمہوری ادارے اور روایات پاکستان میں مضبوط ہو رہی ہیں،پاکستان بحرانی کیفیت سے نکل کر مستحکم معیشت میں داخل ہوچکا ہے۔ملیحہ لودھی نے بتایا کہ پاکستان، اقوام متحدہ کے امن مشن میں سب سے زیادہ فوجی بھیجنے والے ملکوں میں بھی شامل ہے۔

ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا کہ پاکستان میں اب جمہوریت کیلئے سیاسی و عسکری سطح پر مکمل اتفاق رائے موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان 7مرتبہ سلامتی کونسل کا رکن منتخب ہو چکا ہے اورچار مرتبہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کا رکن منتخب ہوا، پاکستان میں دوسری مرتبہ اقتدارایک سے دوسری منتخب حکومت کو منتقل ہونے جا رہا ہے، پاکستان میں اب جمہوریت کیلئے سیاسی و عسکری سطح پر مکمل اتفاق رائے موجود ہے۔