عام انتخابات میں اکثریت حاصل کرنے والی سیاسی جماعت ہی ملک پر حکمرانی کریگی ،ْ رانا محمد افضل

ہر ریاستی ادارے کو اپنی آئینی حدود میں کام کرنا اور اپنے متعلقہ شعبوں پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے ،ْ فوری انصاف کے حصول کے لیے عدالتی نظام میں بہتری لانے کی ضرورت ہے ،ْ وزیر مملکت کا انٹرویو

اتوار 22 اپریل 2018 13:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اپریل2018ء) وزیر مملکت برائے خزانہ رانا محمد افضل نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں اکثریت حاصل کرنے والی سیاسی جماعت ہی ملک پر حکمرانی کریگی ،ْہر ریاستی ادارے کو اپنی آئینی حدود میں کام کرنا اور اپنے متعلقہ شعبوں پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے ،ْ فوری انصاف کے حصول کے لیے عدالتی نظام میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

ایک انٹرویومیں انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی سابقہ حکومت کی خراب طرز حکمرانی نے ملک کو تقریبا دیوالیہ بنا دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اپنی آئینی مدت مکمل کرنے کے قریب ہے اور ملک میں عام انتخابات قریب آ رہے ہیں،ان عام انتخابات میں اکثریت حاصل کرنے والی سیاسی جماعت ہی ملک پر حکمرانی بھی کرے گی۔ وزیر مملکت نے کہا کہ ملک میں نظام کو مضبوط بنانے کے لیے جمہوری عمل کا تسلسل ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر ریاستی ادارے کو اپنی آئینی حدود میں کام کرنا اور اپنے متعلقہ شعبوں پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ فوری انصاف کے حصول کے لیے عدالتی نظام میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔