Live Updates

رمضان المبارک کے دوران عوام کو ریلیف دینے کیلئے صوبہ بھر میں 300 سے زائد سستے رمضان بازار لگائے جائیں گے ، 32 ماڈل بازار بھی سستے رمضان بازاروں کے طور پر کام کریں گے، فری سحر و افطارکیلئے صوبہ بھر میں 2 ہزار دسترخوان لگائے جائیں گے،صوبائی وزیر بلدیات

اتوار 22 اپریل 2018 14:00

لاہور۔22 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2018ء) رمضان المبارک کے دوران عوام کو ریلیف دینے کیلئے صوبہ بھر میں 300 سے زائد سستے رمضان بازار لگائے جائیں گے جبکہ 32 ماڈل بازار بھی سستے رمضان بازاروں کے طور پر کام کریں گے،حکومت پنجاب عوام کو ماہ صیام کے دوران سستے آٹے کی فراہمی پر 11 ارب روپے کی خطیر رقم کی سبسڈی دے گی، صوبائی وزیر بلدیات محمد منشاء اللہ بٹ نے بتایا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی کیلئے ہر قسم کے ضروری ا قدامات کو عمل میں لایا جائے گا۔

ایسے تمام ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کا موقع پر سخت احتساب ہو گا جو اس مبارک مہینے کے تقدس کو پامال کرنے کی کوشش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ تمام بلدیاتی ادارے اور افسران رمضان بازاروں کے انعقاد میں اپنا اپنا مثبت کردار ادا کریں گے اگر اس دوران کسی قسم کی کوتاہی سامنے آئیں تو سخت باز پرس ہو گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ رمضان بازاروں اوراوپن مارکیٹ میں 20کلوگرام آٹے کا تھیلا 500 روپے جبکہ 10 کلو گرام آٹے کا تھیلا 250 روپے میں دستیاب ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ فری سحر و افطارکیلئے صوبہ بھر میں 2 ہزار دسترخوان لگائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سستے رمضان بازاروں میں دالیں، گھی، چینی، پھل اور سبزیاں سستے داموں دستیاب ہوں گی۔ سستے رمضان بازاروں میں زرعی فیئرپرائس شاپس بھی قائم کی جائیں گی اور ان زرعی فیئر پرائس شاپس پر دالیں اور سبزیاں مارکیٹ سے ارزاں نرخوں پر دستیاب ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ تمام بلدیاتی افسران گزشتہ برس کی طرح اس سال بھی رمضان المبارک کے دوران عوام کو اشیائے خورد و نوش سستے داموں کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے موثر اقدامات کریں۔ رمضان بازاروں میںسکیورٹی کے بہترین انتظامات کئے جائیں گے۔ اشیائے ضروریہ کی وافر مقدار میں دستیابی یقینی بنائی جائے اور کسی چیز کی قلت کی شکایت پیدا نہیں ہونی چاہیئے۔

رمضان بازاروں اور عام مارکیٹوں میں اشیائے ضروریہ، پھلوں، سبزیوں اور دالوں کی قیمتیں نمایاں طور پر آویزاں ہونی چاہئیںاور عوام کی سہولت کیلئے ڈیجیٹل پرائس بورڈ لگائے جائیں گے۔ گرمی کے پیش نظر رمضان بازاروں میں خرایداروں کی سہولت کیلئے بہترین انتظامات کئے جائیں گے اور پارکنگ کا بھی مناسب انتظام کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کی آمد سے قبل اشیائے خورد ونوش کی قیمتوں میں استحکام اور کمی کا رجحان دیکھنے میں آنا شروع ہو گیاہے۔
Live رمضان المبارک سے متعلق تازہ ترین معلومات