امریکا نے جوہری معاہدہ ختم کیا تو یورینئم افزودگی کیلئے تیار ہیں، ایران کا اعلان

امریکا کو کبھی بھی یہ خدشہ نہیں ہونا چاہیے کہ ایران جوہری بم بنا رہا ہے، وزیرخارجہ جوا د ظریف

اتوار 22 اپریل 2018 15:10

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اپریل2018ء) ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے کہاہے کہ امریکہ کی جانب سے جوہری معاہدہ ختم کیا گیا تو ایران یورینئم کی افزودگی دوبارہ شروع کردے گا۔میڈیارپورٹس کے مطابق نیویارک میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اگر امریکا 2015 کے تاریخی جوہری معاہدے کو ختم کرتا ہے تو ایران بھرپور طریقے سے افزودگی کا عمل دوبارہ شروع کرنے کے لیے تیار ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ امریکا کو کبھی بھی یہ خدشہ نہیں ہونا چاہیے کہ ایران جوہری بم بنا رہا ہے، ایران کوئی جوہری بم نہیں بنا رہا۔ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ کے پاس جوہری معاہدہ ختم کرنے کا آپشن موجود ہے لیکن اگر ایسا ہوا تو انہیں اس کے نتائج بھگتنا ہوں گے جب کہ ایران اپنی قومی سلامتی کے لیے ہر قسم کے فیصلے اٹھائے گا۔ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے کہا کہ گزشتہ 15 ماہ کے دوران امریکا کئی بار معاہدے کی خلاف ورزی کرچکا ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ ایسا ملک ایران سے مزید مطالبات کی پوزیشن میں نہیں ہے۔

متعلقہ عنوان :