حکومت آزاد کشمیر سیاحت کے شعبہ میں سرمایہ کاروں کو خصوصی مراعات دے رہی ہے‘سیکرٹری اطلاعات وسیاحت

عوام الناس میں سیاحت کے حوالہ سے شعور کی بیداری اور آگہی کے لیے ایک جامع پروگرام پر عملد رآمد کیا جارہا ہے‘محترمہ مدحت شہزاد

اتوار 22 اپریل 2018 15:10

مظفر آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اپریل2018ء) آزاد کشمیر کی سیکرٹری اطلاعات ، سیاحت آثار قدیمہ وآئی ٹی محترمہ مدحت شہزاد نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں سیاحتی فروغ کے وسیع مواقع موجود ہیں اور حکومت آزاد کشمیر سیاحت کے شعبہ میں سرمایہ کاروں کو خصوصی مراعات دے رہی ہے ۔ آزاد کشمیر محکمہ سیاحت کی جانب سے عوام الناس میں سیاحت کے حوالہ سے شعور کی بیداری اور آگہی کے لیے ایک جامع پروگرام پر عملد رآمد کیا جارہا ہے ۔

جس کے تحت سکولوں ، کالجوں اور یونیورسٹیوںمیں خصوصی سیمینار ، ورکشاپ اور لیکچرز کا اہتمام کیا جائے گاتاکہ نوجوان نسل میں سیاحت کے فروغ کی اہمیت کا اجاگر کیا جاسکے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آزاد کشمیر کے دورہ پرآئے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر محمد اشرف کی زیر قیادت ٹیکسلاانسٹیوٹ آف ایشین سیولائزیشن قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد کے پی ایچ ڈی/ایم فل سکالرز کے ایک وفد کو بریفنگ کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

سیکرٹری سیاحت آزاد کشمیر محترمہ مدحت شہزاد نے اس موقع پر مزید بتایا کہ محکمہ سیاحت آزاد کشمیر نے حال ہی میں حکومت پاکستان کے غربت مکائو فنڈز کے ساتھ MOUپر دستخط کیے ہیں تاکہ ضلع نیلم آزاد کشمیرمیں پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر ایکوٹورازم کے فروغ کے لیے کمیونٹی بیسڈ پروگرام ، ٹریننگ ورکشاپس اور سیمینار منعقد کیے جائیں اور باقاعدہ تشہیری مہم چلانے کے علاوہ آزاد کشمیر کے سیاحتی مقامات اور سیاحتی سہولیات کے حوالہ سے لٹریچر بھی فراہم کیا جائے گا۔

تشہیری مہم سے اندرون ملک اور بیرون ملک آزاد کشمیر میں سیاحتی سہولیات اور سیاحتی مواقع کے حوالہ سے آگہی اور شعور اجاگر کرنے میں مدد ملے گی ۔ محکمہ سیاحت آزاد کشمیر امسال بھی گزشتہ سال کی طرح 27،28،29اپریل 2018 جشن بہاراں کے حوالہ سے ایڈونچر بیسڈ ٹورازم کی سرگرمیاں منعقد کرے گا ۔ سیکرٹری اطلاعات و سیاحت نے اس موقع پر بتایا کہ عنقریب آزاد کشمیر کے تینوں ڈویژن میں عجائب گھر قائم کیے جائیں گے جس میں آزاد کشمیر کے کلچر اور تاریخی نوادرات اور اس سے متعلقہ لٹریچر ، تصاویر اور اشیاء رکھی جائیں گی تاکہ نئی نسل کو تاریخ ،سیاحت اور آزاد کشمیر کے کلچر سے متعارف کرایا جاسکے ۔

اس موقع پر قائداعظم یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر اشرف نے یونیورسٹی کے ٹیکسلا انسٹی ٹیوٹ آف ایشین سیولائزیشن کی طرف سے آزاد کشمیر حکومت اور محکمہ سیاحت و آثار قدیمہ آزاد کشمیر کو اپنے مکملپ تعاون اور فنی وماہرانہ معاونت کا یقین دلایا اور کہا کہ آزاد کشمیر میں آثار قدیمہ کے تحفظ وبحالی اور آرکیالوجی اور ورثہ کے تحفظ کے حوالہ سے حکومت آزاد کشمیر اور محکمہ سیاحت آزاد کشمیر کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے گا۔

۔ انہون نے انسٹی ٹیوٹ کے پی ایچ ڈی /ایم فل سکالرز کی طرف سے اس ضمن میں اپنی ماہرانہ خدمات رضاکارانہ طور پر پیش کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی ۔ پروفیسر اشرف نے اس موقع پر ٹیکسلاانسٹی ٹیوٹ آف ایشن سیولائزیشن کی جانب سے ایک رپورٹ بھی سیکرٹری اطلاعات سیاحت و آثار قدیمہ آزادکشمیر محترمہ مدحت شہزاد کو پیش کی ۔

متعلقہ عنوان :