اپوزیشن لیڈر اور وزیراعظم نگراں سیٹ اپ سے متعلق اتفاق کرلیں گے۔بلاول بھٹو

Mian Nadeem میاں محمد ندیم اتوار 22 اپریل 2018 15:53

اپوزیشن لیڈر اور وزیراعظم نگراں سیٹ اپ سے متعلق اتفاق کرلیں گے۔بلاول ..
ملتان(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔22 اپریل۔2018ء) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک میں ایک کمزور جمہوریت ہے،انہوں نے امید ظاہر کی کہ اپوزیشن لیڈر اور وزیراعظم نگراں سیٹ اپ سے متعلق اتفاق کرلیں گے۔ملتان میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان میں ایک کمزور جمہوریت ہے۔

امید ہے ایک سویلین حکومت سے دوسری سویلین حکومت کو اقتدار کی منتقلی کا عمل پرامن ہوگا۔چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ پیپلزپارٹی عوام کے حقیقی مسائل حل کرسکتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ علاقے کی پسماندگی دور کرنے کے لیے جنوبی پنجاب صوبے کا بننا ضروری ہے۔بلاول نے کہا کہ جمہوریت میں ادارے اپنی حدود میں رہ کرکام کرتے ہیں، میں کسی کو روک نہیں سکتا لیکن تجویز کرسکتا ہوں۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو نے کہا کہ جج خود نہیں بولتے ان کے فیصلے بولتے ہیں۔چیف جسٹس پاکستان سے ہمیں کافی امید ہے، امید ہے وہ قانون کے تحت انصاف دلائیں گے۔چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ نوازشریف جب جنرل ضیاءسے ڈکٹیشن لے رہے تھے تو انہیں ووٹ کی عزت کاخیال کیوں نہیں آیا؟، جب نوازشریف نے بی بی شہید کے خلاف دو مرتبہ سازش کی اس وقت ووٹ کی عزت کہاں تھی ؟۔انہوں نے کہا کہ نون لیگ ساری زندگی کسی کے حکم پر چلتی رہی ہے۔ایک سوال کے جواب میں بلاول بھٹو نے کہا کہ کراچی میں بجلی کا مسئلہ ہے ،نون لیگ نے ایم کیو ایم کے ساتھ مل کر کے ای ایس سی کو پرائیویٹائز کیا۔ بارہ بارہ گھنٹے بجلی نہیں ہے اور آپ بجلی بھی مانگ رہے ہیں، یہ عوام کے ساتھ زیادتی ہے۔