افغانستان : کابل میں خودکش دھماکے میں 31 افراد ہلاک، 50 زخمی ہوگئے۔افغان حکام

Mian Nadeem میاں محمد ندیم اتوار 22 اپریل 2018 16:22

افغانستان : کابل میں خودکش دھماکے میں 31 افراد ہلاک، 50 زخمی ہوگئے۔افغان ..
کابل(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔22 اپریل۔2018ء) افغانستان کے دارالحکومت کابل میں خودکش دھماکے میں 31 افراد ہلاک،جبکہ 50 زخمی ہوگئے۔افغان حکام کے مطابق خودکش دھماکا پولیس لائنز 13 میں کیا گیا، دھماکے میں ووٹر رجسٹریشن مرکز کو نشانہ بنایا گیا۔ترجمان وزارت صحت نے دھماکے میں 31 افراد کی ہلاکت اور 50 کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔

ابھی تک کسی دہشت گرد گروپ کی جانب سے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی ہے۔افغان ذرائع ابلاغ کے مطابق کابل کے علاقے ’پولیس ڈسٹرکٹ 6‘ میں خود کش بمبار نے ووٹر رجسٹریشن مرکز کے اندر داخل ہوکر خود کو دھماکے سے اڑالیا جس کے نتیجے میں 31 افراد ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں 4 زخمیوں کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

ہسپتال ذرائع نے ہلاکتوں میں اضافے کے خدشے کا اظہار کیا ہے۔دوسری جانب افغانستان کے صوبہ بلخ کے ضلع چہار بولاک میں طالبان جنگجوﺅں کے ساتھ گزشتہ روز ہونے والی جھڑپ میں شدید زخمی ہونے والے ضلعی پولیس کے سربراہ محمد حلیم کھنجر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے آج مقامی ہسپتال میں دم توڑ گئے۔ جاں بحق ہونے والے پولیس افسر کی نماز جنازہ آج پولیس ہیڈ کوارٹر میں ادا کی جائے گی۔