ووٹ نہ ڈالنے کی مایوسی سے بچنے کیلئے عوام 24اپریل تک اندراج یقینی بنائیں۔ صوبائی الیکشن کمشنر محمد یوسف خان خٹک

اتوار 22 اپریل 2018 16:40

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2018ء) صوبائی الیکشن کمشنر سندھ محمد یوسف خان خٹک نے عوام سے ایک مرتبہ پھر کہا ہے کہ عام انتخابات 2018ء کی تیاریوں کے باعث انتخابی فہرستوں میں اندراج، اخراج و درستگی کیلئے صرف ایک دن رہ گیا ہے لہٰذا ووٹ نہ ڈالنے کی مایوسی سے بچنے کیلئے قریبی ڈسپلے سینٹر یا دفتر ضلعی الیکشن کمشنر سے رجوع کرکے یقینی ووٹ کا اندراج کروا کر ایک ذمہ دار پاکستانی بنیں اور شناختی کارڈ نمبر 8300 پر ایس ایم ایس کرکے ووٹ کی معلومات حاصل کریں۔

(جاری ہے)

اتوار کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق انہوں نے کہا کہ ووٹ اندراج کے فارم اور قائم ڈسپلے سینٹرز کی تفصیلات ویب سائٹ (www.ecp.gov.pk) پر بھی دستیاب ہیں۔ فارم جمع کراتے وقت لازمی اصل شناختی کارڈ ہمراہ لائیں اور فارم کے ساتھ شناختی کارڈ کی کاپی منسلک کریں۔ صوبائی الیکشن کمشنر سندھ محمد یوسف خان خٹک نے مزید کہا کہ عوام ووٹر لسٹوں میں ووٹ اندراج ضرور کروائیں تاکہ آپ کا ووٹ آپ کی آواز بن سکے۔