صوبائی حکومت امن و امان برقرار رکھنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے،سردار طارق احمد جعفری

اتوار 22 اپریل 2018 17:13

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اپریل2018ء) تحریک نفاذ فقہ جعفریہ بلوچستان کے صدر سردار طارق احمد جعفری نے کوئٹہ میں بے گناہ افراد کی ٹارگٹ کلنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت امن و امان برقرار رکھنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر میں تسلسل کے ساتھ ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے افراد کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا جارہا ہے ابتک سینکڑوں افراد جاں بحق اورزخمی ہوچکے ہیں لیکن پولیس ان واقعات میں ملوث افراد کو گرفتار کرنے میں بری طرح ناکام رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر میں تسلسل کے ساتھ ہزارہ برادری کے افراد کی ٹارگٹ کلنگ صوبائی حکومت کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔انہوں نے کہا کہ عوام کو جان و مال کا تحفظ فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے جس میں وہ بری طرح ناکام رہی ہے اگر حکمران عوام کو تحفظ فراہم نہیں کرسکتے تو وہ فوری طورپر مستعفی ہوجائیں۔

(جاری ہے)

طارق احمد جعفری نے پاک فوج اور دیگرقانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ ہزارہ برادری اور بے گناہ افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث افراد کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے اور کالعدم تنظیموں کے خلاف بلا امتیاز ٹارگیٹڈ آپریشن کیا جائے۔ انہوں نے واقعہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے تعزیت اورزخمی کی جلدصحت یابی کی دعا کی۔