ملک بھر کے انجینئرز گونا گوں مسائل کے باوجود فرائض احسن طریقے سے سرانجام دے رہے ہیں،انجینئر عادل نصیر

جائز مطالبات کے حل کیلئے کوئی اقدامات نہیں اٹھائے جارہے ہیں

اتوار 22 اپریل 2018 17:13

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اپریل2018ء) بلوچستان انجینئرز ایسوسی ایشن کے صوبائی صدر انجینئر ز ایسوسی ایشن کے صدر انجینئر عادل نصیر ، وائس چیئرمین انجینئر برکت اللہ ، جنرل سیکرٹری انجینئر بشیراحمد آغا،ڈپٹی جنرل سیکرٹری انجینئر فضل الرحمن ،فنانس سیکرٹری انجینئر ملک داد محمد ، پریس سیکرٹری انجینئر نواز نوشیروانی نے خیبرپختونخوا ایسوسی ایشن آف گورنمنٹ انجینئرز کے مطالبات اور قلم چھوڑ ہڑتال کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے بلوچستان انجینئرز ایسوسی ایشن کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسوقت ملک بھر کے انجینئرز گونا گوں مسائل کے باوجود اپنے فرائض منصبی احسن طریقے سے سرانجام دے رہے ہیں لیکن انکے جائز مطالبات کے حل کیلئے کوئی اقدامات نہیں اٹھائے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا ایسوسی ایشن آف گورنمنٹ انجینئرز نے انجینئرز کی اپ گریڈیشن ،پروفیشنل الاؤنس کے اجراء ،گریڈ17میں پی ٹیک ڈپلومہ کوٹے کے خاتمے اور گورنمنٹ انجینئرز کو پرائیویٹ پریکٹس کی اجازت دینے سمیت دیگر مطالبات کے حل کیلئے قلم چھوڑ ہڑتال کر رکھی ہے جس کے باعث خیبرپختونخوا میں تعمیراتی کام اور سرکاری امور ٹھپ ہوکر رہ گئے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت فوری طور پر انجینئرز کے جائز مطالبات کو حل کرنے کیلئے موثر اور عملی اقدامات اٹھائے بصورت دیگر ملک بھر کے انجینئرز سخت احتجاج پر مجبور ہونگے۔ انجینئر عادل نصیر نے بلوچستان انجینئرز ایسوسی ایشن کی جانب سے خیبرپختونخوا کے انجینئرز کو ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔