عالمی برادری مقبوضہ جموں کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے، مختار احمد وازہ

اتوار 22 اپریل 2018 17:13

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اپریل2018ء) حریت کانفرنس کے سینئر رہنما و جموں کشمیر پیپلز لیگ کے چیئرمین مختار احمد وازہ نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مقبوضہ جموں کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے، مقبوضہ جموں کشمیر میں بڑھتی ہوئی انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں اور آٹھ سالہ آصفہ کی بے حرمتی کے بعد قتل انتہا ء پسندوں کی درندگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

اقوام متحدہ نے کشمیریوں کو پیدائشی حق دلوانے کیلئے قراردادیں بھی پاس کیں لیکن اس پر عملدرآمد نہیں ہوسکا جو سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے ضلع اسلام آباد میں بھارتی مظالم اور آصفہ کی بے حرمتی کے بعد قتل کیخلاف احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ جموں کشمیر میں جاری مظالم کیخلاف اقوام عالم کو نوٹس لینا چاہیے ، انہوں نے مقبوضہ جموں کشمیر کے علاقے شوپیاں، گلگام اور اسلام آباد میں بے گناہ کشمیریوں کی شہادت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ طاقت کے ذریعے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو سرد نہیں کیا جاسکتا اور نہ ہی انہیں حق خودارادیت سے زیادہ دیر تک دور رکھا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ان کے ہمراہ سینئر پارٹی رکن نثار احمد راتھر، شبیر احمد نانوائی، فیاض بٹ اور ریاض احمد ڈار تھے۔ مختار احمد وازہ نے کھودوانی میں شرجیل احمد اور دیگر شہید ہونیوالے کشمیری نوجوانوں کے گھر جا کر انہیں خراج عقیدت پیش کیااور کہا کہ مقبوضہ جموں کشمیر میں پرامن کشمیریوں کے احتجاج پر گولیوں کی برسات کرنیوالے بھارتی درندوں کی بربریت کا اقوام عالم نوٹس لے، بھارتی فورسز نے مقبوضہ جموں کشمیر کو قتل گاہ بنا کررکھ دیا ہے، جہاں مردوں، عورتوں اور یہاں تک کے بچے تک محفوظ نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے کشمیریوں کے خلاف جنگ کا اعلان کررکھا ہے ، پیلٹ، بلٹ کا بے دریغ استعمال کیا جارہا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو بھارتی مظالم کا سنجیدگی سے نوٹس لینا ہوگا۔ جنوبی ایشیاء کے امن کو مستقل بنانے کیلئے جموں کشمیر میں پائیدار امن کیلئے اقوام متحدہ کردار ادا کرے۔ بے گناہ کشمیریوں کو آزادی مانگنے پر بھارتی فورسز جس طرح درندگی کررہی ہے اس کی مثال نہیں ملتی۔ کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق ان کو پیدائشی حق دلوانے کیلے اقوام متحدہ اپنی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت دلوائے تاکہ خطہ میں امن قائم ہوسکے۔