ابتدائی ووٹرز فہرستوں میں درستگی کی مہلت (کل ) ختم ہو جائے گی

شہریوں کو مقررہ تاریخ تک ووٹر فہرستوں میں اپنے ناموں کی جانچ پڑتال و درستگی کی ہدایت

اتوار 22 اپریل 2018 17:13

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2018ء) ابتدائی ووٹرز فہرستوں میں درستگی کی مہلت (کل )24اپریل کو ختم ہو جائے گی ،ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن راولپنڈی نے شہریوں کو مقررہ تاریخ تک ووٹر فہرستوں میں اپنے ناموں کی جانچ پڑتال و درستگی کروا نے کی ہدایت کی ہے ۔ ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر راولپنڈی Iملک سلیم اختر نے اے پی پی کو بتایاکہ ضلع راولپنڈی میں سرکاری سکولز ،کالجز ،یو سیز دفاتر اور دیگر اہم مقامات کے 280ڈسپلے سنٹرز پر آویزاں ابتدائی ووٹرز فہرستوں کی جانچ پڑتال ،درستگی کی مدت 24اپریل کو ختم ہو جائے گی لہذا شہریوں کو چاہیے کہ وہ جلد از جلد ڈسپلے مراکز سے رجوع کر کے اپنے ووٹ کے درست اندراج کی تصدیق کر لیں بصورت دیگر ووٹ کی منتقلی ،تبدیلی اور دیگر دستگی ممکن نہیں ہو سکے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ یہ ڈسپلے مراکز ہفتے کے ساتوں دن صبح 8سے شام 4بجے تک کھلے رہیں گے ۔انہوں نے بتایاکہ شہری ووٹرز فہرست میں اپنے ناموں کی موجودگی کی تصدیق کے لیے اپنا شناختی کارڈ نمبر 8300پر بھیج سکتے ہیں جبکہ مزید تفصیلات کے لیے ’’ClickECP‘‘نامی موبائل ایپ ڈائون لوڈ کر سکتے ہیں ۔ الیکشن کمیشن دفتر نے شہریوں کو ہدایت کی کہ ووٹ منتقلی کے لیے فارم 15،فہرست سے نام کے اخراج کے لیے فارم16جبکہ کوائف کی درستگی کے لیے فارم 17تمام ڈسپلے سنٹرز سے یا الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ سے حاصل کیے جاسکتے ہیں ۔

الیکشن کمیشن ذرائع نے اے پی پی کو مزید بتایاکہ یہ پر شدہ فارمز مقررہ تاریخ سے قبل جمع کروائے جا سکتے ہیں ۔الیکشن کمیشن حکام نے بتایاکہ ووٹ کے اندراج سے متعلق معلومات کے حصول کے لیے شہری اپنا شناختی کارڈ نمبر لکھ کر 8300 پر SMS کریں الیکشن کمیشن کی طرف سے آپکو اپکا ووٹنگ ایریا پتا چل جائے گا اگر آپ کا ووٹ کسی ایسی جگہ ہے جہاں سے آپ کا یا آپ کی فیملی کا کوئی تعلق نہیں تو فوری اپنا ووٹ تبدیل کروانے کے لئے درخواست دیں ووٹ تبدیلی کا فارم اردو یا انگلش میں اس طریقے کے ساتھ بھیجا گیا ہے اس فارم کو پورا کرنے کے لئے آپکو اپکا موجودہ رہائشی علاقے کا بلاک کوڈ پتا ہونا چاہیے اس بلاک کوڈ کو جاننے کے لئے اپنی فیملی یا کسی پڑوسی کا شناختی کارڈ نمبر 8300 پرSMS کر دیکھ سکتے ہیں اس کے بعد فارم پورا کر کے قریبی الیکشن کمیشن کے آفس میں جمع کروائیں۔

الیکشن کمیشن ذرائع کاکہنا ہے کہ ووٹ صرف اسی صورت میں ٹرانسفر ہوگا اگر آپ کے شناختی کارڈ پر آپ کا پتہ موجود ہے اگر آپ کا رہائشی پتہ بھی آپکے شناختی کارڈ پر موجود نہیں تو اس سب سے پہلے آپکو اپنا موجودہ پتہ اپنے شناختی کارڈ پر درج کروانا ہوگا۔اس کے لئے آپ اپنا کرایہ نامہ یا گھر کے کاغذات کی کاپی لے کر قریبی نادرا آفس جائیں۔