پاکستان سمیت دنیا بھر میں عالمی یوم کتاب (آج)منایا جائے گا

اتوار 22 اپریل 2018 17:13

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2018ء) پاکستان سمیت دنیا بھر میں عالمی یوم کتاب (آج) پیر کو منایا جائے گا ،کتاب کے عالمی دن کے موقع پر مختلف سیمینارز اور کتاب کی افادیت سے متعلق آگہی واکس کا انعقاد کیا جائے گا ۔ملک کے دیگر حصوں کی طرح راولپنڈی میں بھی مختلف لائبریریوں اور تعلیمی اداروں میں کتب بینی کے نئے رجحانات کے بارے میں آگہی سیمینارز کا انعقاد کیا جائے گا ۔

کتاب کے عالمی دن کی مناسبت سے ۔نواز شریف پارک راولپنڈی میں قائم پہلی ’’ای لائبریری‘‘ میں ڈسٹرکٹ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ راولپنڈی کے اشتراک سے خصوصی سیمینار دن تین بجے منعقد ہو گا ۔راولپنڈی کی پہلی ای الائبریری کے چیف لائبریرین شیر افضل ملک نے اے پی پی کو بتایاکہ سیمینارکے مہمان خصوصی پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر ثروت ناز مرزا ہوں گے جبکہ مہمان اعزاز علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر پرویز احمد ہوں گے ۔

(جاری ہے)

پنجاب حکومت نے مطالعہ اور تحقیق کے فروغ کے لیے پنجاب بھر کے مختلف شہروں میں ’’ای لائبریریاں ‘‘ قائم کی ہیں ۔ان ای لائبریوں کے قیام کا بنیادی مقصد بلارکاوٹ معلومات کے حصول اور کتب بینی کے رجحان کو فروغ دینا ہے ۔شیر افضل ملک نے قومی خبر ایجنسی کو بتایاکہ ان ای لائبریوں کے ذریعے مفصل اور گہرے تحقیقاتی کام کے لیے کسی بھی لائسنس و کاپی رائٹ پابندیوں کے بغیر مفت معلومات تک رسائی ممکن ہو سکے گی ۔

واضح رہے کہ وزیر اعلی پنجاب میاں محد شہباز شریف کی ہدایات پر انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ پنجاب صوبہ کی زیر اہتمام 21اضلاع میں ای لائبریریز قائم کی گئی ہیں ۔شیر افضل ملک نے اے پی پی کو بتایاکہ راولپنڈی میں کتب بینی کے شوقین حضرات کے لیے قائم شاہکار ای لائبریری میں دنیا بھر کے تمام موضوعات پر لاکھوں کتب دستیاب ہیں جنھیں شائقین لائبریری میں دستیاب 30لیب ٹاپس کے ذریعے اپنی من پسند کتب کا مطالعہ کر سکتے ہیں ۔

شیر افضل ملک نے قومی خبر ایجنسی کو بتایاکہ ای لائبریری میں بچوں کے لیے خصوصی طور پر سٹوریز اور ڈاکومینٹریزکے لیے 5ٹیبلٹس بھی مہیا کیے گئے ہیں ۔انہوں نے بتایاکہ ای لائبریری کے ذریعے HECکا تمام ڈیٹا بیس بھی دستیاب ہو گا ۔انہوں نے بتایاکہ یہ بنیادی طور پر ریسرچ اینڈ ریفرنس لائبریری کے طور پر کام کرے گی۔