ٹیبل ٹینس کا کھیل دنیا میں دن بدن مقبولیت حاصل کر رہا ہے‘ محمد نوید ملک

اتوار 22 اپریل 2018 17:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2018ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد نوید ملک نے کہا ہے کہ ٹیبل ٹینس کا کھیل دنیا میں دن بدن مقبولیت حاصل کر رہا ہے ، انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس کھیل کو فروغ دینے پر توجہ دے تا کہ ہمارے نوجوان ٹیبل ٹینس کے میدان میں ملک کا نام روشن کر سکیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں پہلی مرتبہ منعقد ہونے والی پاکستان ٹیبل ٹینس سپر لیگ کا فائنل جیتنے والی ا سلام آباد کی ٹیم سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انہوںنے اسلام آباد کمانڈر کو پاکستان ٹیبل ٹینس سپر لیگ کا فائنل جیتے پر مبارک باد پیش کی اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔محمد نوید ملک نے کہا کہ ہمارے نوجوان کرکٹ، ہاکی ، سکواش اور ٹیبل ٹینس سمیت ہر کھیل میں ملک کا نام روشن کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں تاہم ان کو اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کیلئے حکومت کے تعاون اور بہتر سہولیات کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان ٹیبل ٹینس سپر لیگ کا انعقاد پہلی مرتبہ اسلام آباد میں کیا گیا جس میں اسلام آباد کمانڈر، کراچی کرارے، لاہور استاد، فیصل آباد شیردل، راول جوگنی، ملتان سوفیان، پشاور دلاور اور کوئٹہ ڈیفنڈرز کی ٹیموں سمیت تقریبا ایک سو کھلاڑیوں نے حصہ لیا جن میں لڑکے اور لڑکیاں شامل تھیں۔فائنل میں اسلام آباد کمانڈرز نے ایک سخت مقابلے کے بعد کراچی کرارے کو تین دو سے شکست دی۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر نثار مرزا اور اسلام آباد ٹینس ایسوسی ایش کے صدر ندیم منصور نے بھی اپنے خطاب میں اسلام آباد کمانڈر کو پاکستان سپر لیگ کا فائنل جیتنے پر مبارک باد پیش کی اور کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔