کوٹلی، پی ٹی آئی آزادکشمیر کے رہنما نعیم اصغر کے بھائی اکرام اصغر کے اغواہ کامقدمہ ممبراسمبلی ملک نواز کے بیٹے سمیت 5افراد کیخلاف درج کر لیا گیا

اتوار 22 اپریل 2018 18:10

کوٹلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اپریل2018ء) کوٹلی، پی ٹی آئی آزادکشمیر کے رہنما نعیم اصغر کے بھائی اکرام اصغر کے اغواہ کامقدمہ ممبراسمبلی ملک نواز کے بیٹے اویس نواز سمیت 5افراد پر درج کر لیا گیا۔پولیس نے مغوی تاجر اکرام اصغر کو بازیاب کرواتے ہوئے سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کرلی۔ڈی ایس پی کوٹلی سردار نسیم کا کہنا ہے کہ شہری کو اغواہ کرنا سنگین جرم ہے، کوئی ملزم کتنا ہی بااثر کیوں نہ ہو اس صورت گرفتار کیا جائے گا۔

ایس ایچ اوتھانہ پولیس کوٹلی طاہر ایوب کاکہنا ہے ملزمان کو تاحال گرفتار نہیں کیا جا سکا، ملزمان جلد قانون کے کٹہرے میں ہونگے۔تھانہ پولیس کوٹلی میں درج علت نمبر 150/18کے مطابق مستغیث رضوان ارشد نے پولیس کواویس نواز ولد ملک نوازخان ساکن رولی،فرقان ولدعلی زمان ساکن رولی اور دو سے تین نامعلوم افراد کے خلاف تحریری درخواست دی کہ سائل دھنواں کا رہائشی اور ہسپتال گلی کوٹلی میں سپر شاہین کیمسٹ پر اپنے چچا اکرام اصغر اور نعیم اصغر کے ساتھ کام کرتا ہے۔

(جاری ہے)

21اپریل2018شام ساڑھی4بجے اپنے چچا اکرام اصغر کے ساتھ سٹور پر بیٹھا تھا کہ ایک نامعلوم لڑکا میڈیکل سٹور میں داخل ہوا اورکہا کہ آپ کے بھائی کی گاڑی کا ہاوسنگ سکیم کوٹلی میں حادثہ ہوگیا ہے ،چچا اکرام واقعہ کا سنتے ہی سٹور کے عقبی دروازے جو ہاوسنگ سکیم کی طرف کھلتا ہے سے باہر نکلے تو سامنے کھڑے 2سی3افراد ڈاکٹر سلیم کے ہسپتال کے سامنے کالی سیلون کار لیے کھڑے تھے چچا اکرام کے قریب پہنچتے ہی ملزمان نے انھیں تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے زبردستی گاڑی میں ڈال کر اغواہ کرکے ساتھ لے گئے۔

مستغیث نے بتایا کہ اویس نواز کا چچا کے ساتھ کریش پلانٹ نصب کرنے کا تنازعہ چلا آرہا ہے۔کوٹلی پولیس نے مستغیث رضوان کی تحریری درخواست پر بجرائم زیر دفعہ اے پی سی 34,365مقدمہ درج کرکے ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں شروع کر دی ہیں۔دریں کوٹلی پولیس نے واقعہ کی اطلاع ملتے ہی فوری کارروائی کرتے ہوئے مغوی اکرام اصغر کو بازیاب کروا لیا ہے جبکہ ہاوسنگ سکیم میں واقع نجی ہسپتال جس کے سامنے سے ملزمان نے تاجر کو اغواء کیا تھا میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے بننے والے وڈیو بھی حاصل کر لی ہے۔

ڈی ایس پی کوٹلی سردار نسیم نے میڈیا کے رابطہ کرنے پر بتایا کہ مقدمہ کو میرٹ پر آگے لیکر چلیں گے، ہم یہ نہیں دیکھیں گے کہ کون کس کا بیٹا ہے کس کا رشتہ دار ہی ہم نے تمام ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کرنی ہے اور قانون کہتا ہے ملزمان گرفتار ہونے چاہیں اس لیے شہری کے اغواہ اور تشدد کے مقدمہ میں نامزد ملزمان ہر صورت گرفتار ہونگے۔

ایس ایچ او تھانہ پولیس کوٹلی طاہر ایوب سے جب میڈیا نے رابطہ کیا تو اُن کا کہنا تھا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزمان کی طرف سے مغوی اکرام کو اغواہ کرنے کی وڈیو دیکھی جا سکتی ہے جسے ہم نے حاصل کرلیا ہے۔ ملزمان کی گرفتاری کے حوالے سے اُن کا کہنا تھا کہ جلد ہی ملزمان پولیس کی حراست میں ہونگے۔مغوی کے بھائی پی ٹی آئی آزادکشمیر کے رہنما نعیم اصغر ملک نے میڈیا نمائندگان کو بتایا کہ میرے بھائی کو نہ صرف ملزمان نے اغواہ کیا بلکہ کمرے میں لے جاکر اُسے ننگا کر کے فلم بھی بنائی گئی ہے ،اس حوالے سے اکرام نے اپنے بیان پولیس کو ریکارڈ کروا دیے ہیں۔ نعیم اصغر کا کہنا تھا کہ یہ انسانیت سوز واقعہ ہے ،ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے آخری حد تک جاؤں گا۔